Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میری کرکٹ برس 2 برس کی رہ گئی ہے،لسیتھ ملنگا

کولمبو:سری لنکن پیسر لسیتھ ملنگا کی جانب سے ٹیم ٹریننگ سیشن میں بطور ’نیٹ بولر‘ شرکت کا انکشاف ہوا ہے۔لیستھ ملنگا جنوری میں شیڈول دورہ بنگلہ دیش کیلئے 23 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل ہی نہیں کیا گیا تھا اس کے باوجود وہ کولمبو میں ٹریننگ سیشن کے دوران دیکھے گئے بعد میں معلوم ہوا کہ وہ وہاں پر بطور نیٹ بولر آئے ہیں۔ اس بارے میں ملنگا کا کہنا تھا کہ ملکی ٹیم جب بھی پریکٹس کرتی ہے اس کو نیٹ بولرز کی ضرورت پڑتی ہے جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تو میں بھی ایک نیٹ بولر کے طور پر شرکت کرتا تھا، اب بھی اسی حیثیت میں یہاں پر آیا ہوں۔ ملنگا 2019 ءکا ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں جوکہ ان کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ثابت ہوسکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر مجھے منتخب کیا جاتا ہے تو میں تیار ہوں مگر مجھے ابھی تک یہ بات معلوم نہیں ہے کہ مجھے آرام کیوں دیا گیا ہے۔عام طور پر 25 یا 26 برس کے کرکٹرز کو آرام دیا جاتا ہے کیونکہ انھوں نے بہت زیادہ کرکٹ کھیلنا ہوتی ہے لیکن جتنی میری عمر ہے اس میں تو آرام دینے کا کوئی مقصد ہی نہیں ہے جبکہ میری اب ایک دو برس کی ہی کرکٹ باقی رہ گئے ہیں، ایسے میں اگر آرام دیا جائے گا تو میں کرکٹ ہی نہیں کھیل سکوں گا۔ 

شیئر: