Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی دفاعی افواج نے میزائلوں اور ڈرونز کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا

سعودی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ مملکت کی فضائی دفاعی افواج نے گزشتہ شام سے اب تک سعودی عرب کے مختلف اہداف کو نشانہ بنانے والے 20 ڈرونز اور ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو  سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘  پر جاری کردہ پیغامات کے سلسلے میں وزارت دفاع نے کہا کہ حملوں کی یہ نئی لہر جمعے کی شام قریباً سات بجے شروع ہوئی جو اسی دن صبح 9 بجے رپورٹ ہونے والے گزشتہ حملے کے قریباً 10 گھنٹے بعد کی گئی کارروائی تھی۔
تباہ کیے گئے 17 ڈرونز میں سے مشرقی صوبے (ایسٹرن پروونس) میں، دو ربع الخالی میں اور ایک شمالی صوبے الجوف میں روکا گیا جبکہ ایک میزائل کا ہدف دارالحکومت ریاض سے قریباً 80 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع الخرج کا پرنس سلطان ایئر بیس تھا۔
وزارت نے ان حملوں کے لانچ کیے جانے کے مقام کی وضاحت نہیں کی، تاہم عام طور پر یہ سمجھا جا رہا ہے کہ یہ ایرانی حملے ہیں۔
ایران 28 فروری سے اپنی سرزمین پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں خلیجی خطے میں فوجی اور سویلین تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے بیانات اور سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹس کے مطابق حملوں کی اس تازہ لہر کے بعد مملکت میں اب تک تباہ کیے جانے والے دشمن کے ڈرونز کی کل تعداد قریباً 150 ہو گئی ہے۔
فضائی دفاعی دستوں نے اب تک مجموعی طور پر قریباً 25  میزائل بھی مار گرائے ہیں جن میں زیادہ تر بیلسٹک اور کچھ کروز میزائل شامل ہیں۔
حملوں کو روکنے کی کارروائیاں متعدد علاقوں میں رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں مشرقی صوبہ، ربع الخالی میں شیبہ آئل فیلڈ کے قریب کا علاقہ، ریاض کا خطہ اور مملکت کے دیگر حصے شامل ہیں۔ اب تک کا سب سے شدید حملہ 12 مارچ کو ہوا تھا جب فضائی دفاع نے ایک ہی دن میں 31 ڈرونز مار گرائے تھے۔
دوسری جانب قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کو نشانہ بنانے والے ایک میزائل کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔
کویت میں مسلح افواج کے زیرِ انتظام علاقے میں دشمن کے ایک ڈرون کو مار گرایا گیا۔
بحرین کا کہنا ہے کہ دشمنی کے آغاز سے اب تک انہوں نے مملکت کو نشانہ بنانے والے 121  بیلسٹک میزائل اور 193  ڈرونز کو تباہ کیا ہے۔
دوسری جانب دبئی کے حکام نے بتایا ہے کہ ایک کامیاب دفاعی کارروائی کے بعد میزائل یا ڈرون کا ملبہ وسطی دبئی میں ایک عمارت کے اگلے حصے (فیساڈ) سے ٹکرایا تاہم صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔
دبئی میڈیا آفس نے ’ایکس‘ پر اطلاع دی کہ اس واقعے میں نہ تو کوئی آگ لگی اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔

 

شیئر: