Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ون ڈے: سرفراز نے ٹاس جیتا ، کیچ گرا دیا

 
ویلنگٹن: کین ولیمسن کا ڈراپ کیچ سرفراز احمد کیلئے پچھتاوا بن گیا۔پہلے ون ڈے میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، یہ فیصلہ ناکام ثابت ہوا۔سرفرازاحمد مشکل موسمی حالات میں بہتر کارکردگی کیلئے فکرمند نظر آنے لگے ۔ ویلنگٹن میں پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد سرفرازنے کہا کہ کیچ ڈراپ کردیں تو مشکلات بڑھ جاتی ہیں،ولیمسن کو موقع دینے کا بڑا نقصان ہوا،اگلے میچز میں پوری کوشش کرینگے کہ اپنی غلطیوں کو سدھار کر آئندہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد نے خود ہی کیچ ڈراپ کر کے کین ولیمسن کو26 رنزپر چانس دیا تھا۔میزبان کپتان نے سنچری بنا کر اس غلطی کی بھاری سزا دی اور کیویز 300سے زائد کا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئے۔میچ کے بعد فخرزمان نے کہا کہ ویلنگٹن کی تیز ہواوں اور سرد موسم نے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا، ہم قبل از وقت نیوزی لینڈ میں پہنچ کر مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے کوشاں رہے، تیاری بھی اچھی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ٹاپ آرڈر ناکام رہا، ٹم ساوتھی نے آغاز میں بہترین لائن اور لینتھ پر گیند کرتے ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔316 رنز کے ہدف کیلئے پاکستان کے 3کھلاڑی 13رنزپر جبکہ 16اوورز کے کھیل میں 54رنز پر 5کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔31ویں اوور کی پہلی گیند کے بعد پاکستان کے 166رنز پر 6کھلاڑی آوٹ تھے کہ بارش نے کھیل کو مکمل نہ ہونے دیا۔ ڈک لیوئس میتھیڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 61رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔فخر زمان نے کہا کہ کراچی میں بھی تیز ہواچلتی ہے،مجھے ایسے ماحول میں کھیلنے کا تجربہ بھی تھا لیکن وہاں موسم اتنا سرد نہیں ہوتا،اپنی اننگز کے دوران کریز پر طویل قیام کیلئے ابتدا میں سنبھل کر کھیلا، بعد ازاں ماحول کا اندازہ ہوگیا تو ہوا کے رخ کو سامنے رکھتے ہوئے اسٹروکس کھیلنا شروع کئے،اس میں کامیابی بھی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کیوی ٹیم میں بہترین پیسرز اور اسپنرز شامل ہیں تاہم اننگز کے کسی بھی مرحلے پر سہل پسندی کا شکار ہونے سے بازی پلٹ سکتی ہے۔ایک سوال پر فخر نے کہا کہ پچ میں کوئی خرابی نہیں تھی،گرین شرٹس کو تیز ہوا اور سرد موسم کی وجہ سے مشکلات ہوئیں۔
 

شیئر: