مملکت میں سانس کی بیماریوں کے کیسز بڑھ گئے، ویکسینیشن پر زور
’صحتی‘ ایپ کے ذریعے پیشگی وقت بک کیا جاسکتا ہے( فائل فوٹو)
سعودی وزارت صحت نے مملکت میں سانس کی نالی کے انفیکشن کے کیسز میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ سانس کے وائرس کے موسمی پھیلاؤ کے دوران معمول کے مطابق ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں پر زور دیا کہ وہ سیزنل انفلوئنزا اور ریسپائریٹری سنسیشیئل وائرس(آر ایس وی) ویکسینز لگوانے کا اہتمام کریں۔
ویکسین لگوانے کے لیے ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے پیشگی وقت بک کیا جاسکتا ہے جہاں وائرس سے بچاؤ کے لیے مفت ویکسین لگانے کے انتظامات موجود ہیں۔ یہ ویکسینز شدید انفیکشن اور پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
وزارت کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران سانس کے انفیکشن سے متعلق انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں داخل ہونے والوں کے تناسب میں گزشتہ مدت کے مقابلے میں 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
جبکہ مختلف سانس کے وائرسز کی سرگرمی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت کی جانب سے جاری ہدایات میں ہاتھوں کی صفائی، کھانسی اور چھینکتے وقت احتیاط برتنے پرزور دیا ہے تاکہ چھینک سے منہ سے خارج ہونے والے لعاب کے ذرات دوسروں تک نہ پہنچیں۔
