Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: یمن کی آئینی حکومت کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ

سعودی کابینہ نے یمن میں آئینی حکومت اور صدارتی قیادت کونسل کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت ریاض میں ہوا جس میں علاقائی صورتِ حال اور عالمی امور کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب، یمن کے ریاستی اداروں کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔حوثی ملیشیا کی فوجی کشیدگی نے امن کی کوششوں کو متاثر کیا۔‘
’اس گروپ کی کارروائیاں یمن میں انسانی و اقتصادی بحران کو مزید گہرا کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ خطے، جنوبی بحیرہ احمر اور باب المندب میں علاقائی سلامتی اور بحری آمد و رفت کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔‘
یاد رہے کہ یمنی حکومت نے اتوار کو حوثیوں کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کی ہے۔ صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین رشاد العلیمی کا کہنا ہے گروپ کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لیے جانے تک آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری طرف حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے خلاف اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
 وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے بتایا ’اجلاس کے آغاز میں ولی عہد نے شامی صدر احمد الشرع کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا جس میں مملکت اور شام کے تعلقات، تعاون کے امکانات اور خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر بات کی گئی۔‘

حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے خلاف اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)

 کابینہ نے مکہ دفاعی اتحاد کی سیاسی و دفاعی حکمت عملی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کو سراہا جس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان شامل ہیں۔
تینوں ملکوں نے سعودی شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی جبکہ مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد، فوجی تیاری اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ان اقدامات میں متفقہ فوجی دستے اور صلاحیتوں کی فراہمی اور سعودی عرب میں ان کی تیز رفتار تعیناتی کو یقینی بنانا شامل ہے۔
اجلاس نے آئندہ مالی سال کے ابتدائی بجٹ تخمینوں کو سعودی معیشت کی مضبوطی اور عالمی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت کا مظہر قرار دیتے ہوئے ترقیاتی و سماجی شعبوں پر اخراجات جاری رکھنے اور مالی استحکام برقرار رکھنے پر زور دیا۔

 کابینہ نے مکہ دفاعی اتحاد کی سیاسی و دفاعی حکمت عملی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کو سراہا ( فوٹو: ایس پی اے)

اجلاس میں سعودی عرب میں ہونے والی عالمی کانفرنسوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بین الاقوامی سماجی ذمہ داری فورم کے دوسرے ایڈیشن میں شروع کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔
کابینہ نے 5 اکتوبر کو عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
 ایجنڈے میں شامل مختلف مقامی امور اور شوری کونسل کی سفارشات کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
 سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین قابل تجدید توانائی کے پاورپلانٹس کے منصوبوں سے متعلق معاہدے اور وزیر توانائی کو عالمی توانائی فورم کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار دیا گیا۔
وزیر اسلامی امور کو گھانا کے متعلقہ حکام کے ساتھ اسلامی امور کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات اور دستخط  کا اختیار تفویض کیا گیا۔

 

شیئر: