Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفید فام شیر نے سیاح پر ’’حملہ ‘‘ کردیا، شیشے کی دیوار سے جان بچ گئی

 شائملانگ، چین..... چین کے شائملانگ سفاری پارک میں ایک سیاح  شیر کے حملے کا شکار ہونے سے اس وقت بچ گیا جب شیر او راسکے درمیان شیشے کی حفاظتی دیوار حائل ہوگئی۔ عینی شاہدین اور باخبر ذرائع کا کہناہے کہ یہ سیاح سفاری پارک کی سیر کرتا ہوا شیروں کے اس حصے کے قریب پہنچ گیا تھا اور بے خبری میں شیر کے حصے کے پاس سے گزر رہا تھا کہ ایک سفید فام شیر دبے پائوں چلتا ہوا قریب آیا او راس نے سیاح پر حملے کی کوشش کی۔ خیر گزری کہ سیاح کی قسمت اچھی تھی کیونکہ چڑیا گھر انتظامیہ نے سیاحوں اور شیروں کے درمیان دبیز شیشے کی ایک دیوار بنا رکھی تھی اور یہی دیوار سیاح کی جاں بخشی کا سبب بنی۔ موقع پر موجود دیگرافراد نے اس ہولناک واقعہ کی تصاویر اتار کر جاری کردی ہیں جسے دیکھ کر بہت سے لوگ حیران و پریشان ہیں۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ انتہائی برق رفتاری سے اپنے شکار کا تعاقب کرنے والے شیر بالعموم بہت تیز رفتاری سے چلتے ہیں لیکن انکی ایک صلاحیت یہ بھی ہے کہ وہ بہت ہی آہستہ آہستہ دبے قدموں سے رینگنے کے انداز میں آگے بڑھ کر اپنے شکار تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہاں پیش آنے والا واقعہ بھی اسی قسم کا تھا۔ شیر اتنی آہستگی سے سیاح کے قریب آیا کہ تقریباً ایک آدھ فٹ کے فاصلے پر کھڑے سیاح کو اس کا کوئی اندازہ نہیں ہوسکا کہ پیچھے کیا کچھ ہورہا ہے۔ جب اس پر حملہ ہوا تو آس پاس کھڑے دیگر افراد چیخ پڑے۔ پھر سیاح کو بھی ہوش آیا۔ پارک انتظامیہ کا کہناہے کہ یہ سفید شیر رائل بنگال ٹائیگر کی نسل سے ہے اور بالعموم مشرقی ایشیا اور بالخصوص بنگلہ دیش میں پایا جاتا ہے۔ جانوروں کی دنیا میں رائل بنگال ٹائیگر ایک انتہائی نادر قسم کا جانور ہے اور اسکی حرکات بھی دوسرے تمام شیروں سے مختلف ہیں۔ ایسے شیروں کی پیدائش جینیاتی اعتبار سے صرف اسی وقت ممکن ہے جب اسکے والدین ایک ہی جین کے حامل ہوں۔اینمل کارنر جریدے کا کہناہے کہ یہی وہ پیچیدگی ہے جسکی وجہ سے 10ہزار شیروں میں سے کوئی ایک شیر سفید فام ہوتا ہے۔
 

شیئر: