بغداد خودکش حملے پر سعودی قیادت کا اظہار تعزیت
ریاض ....خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بغداد میں خودکش حملے کی اطلاع ملنے پر عراقی صدر ڈاکٹر فواد معصوم سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے عراقی صدر کے نام پیغام میں کہا کہ بغداد میں خودکش حملے کی اطلاع ملنے پر ہمیں شدید دکھ اور افسوس ہوا۔ یہ بزدلانہ دہشتگردی کا واقعہ ہے۔ سعودی عرب اس موقع پر عراق او راپنے عراقی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور عراقی بھائیوں سے سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے تعزیت اور سچی ہمدردی کا اظہار ضروری سمجھتا ہوں۔ ہماری آرزو ہے کہ دہشتگردانہ حملے میں زخمی ہونے والے جلد شفا یاب ہوجائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ اورعراقی بھائیوں کو ہر آفت اور ہر بلا سے اپنی حفاظت میں رکھے ۔ اسی مضمون کا ایک پیغام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی عراقی صدر کے نام ارسال کیا ہے۔