صومالی لینڈ کے معاملے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس، اسحاق ڈار سعودی عرب میں
او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیرمعمولی اجلاس آج جدہ میں منعقد ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج سنیچر کو سعودی عرب میں ہونے والے اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیرمعمولی اجلاس آج سنیچر کو جدہ میں منعقد ہو گا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے تھے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو الگ ملک کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا اور اسحاق ڈار اس معاملے پر پاکستان کا موقف واضح کریں گے۔‘
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی سائیڈلائن پر اسلامی کانفرنس تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی صورت حال اور دیگر بین الاقوامی معاملات زیرِبحث آئیں گے۔
او آئی سی نے اس غیر معمولی اجلاس کا اعلان رواں ہفتے کے اوائل میں کیا تھا، جس کا مقصد مسلم ممالک کے درمیان ایک متفقہ مؤقف کو ہم آہنگ کرنا اور بین الاقوامی قانون اور متعلقہ او آئی سی قراردادوں کے تحت صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
