اسلام آباد...احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے زیرانتظام فلاحی اداروں کے اکاونٹس جزوی طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد میں احتساب عدالت نے ہجویری ٹرسٹ اورہجویری فاونڈیشن کے اکاونٹس سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اسحاق ڈارکے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ہجویری فاونڈیشن ایک سے زیادہ منصوبے چلارہا ہے۔ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے ۔ سیکڑوں بچے زیر کفالت ہیں۔ ٹرسٹ کا پیسہ کوئی غلط استعمال کیسے کرسکتا ہے۔نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے رہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ بچوں کی کفالت رک جائے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ فلاحی ادارے کا غلط استعمال کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا ہوگا کہ اکاونٹس کی بحالی کا کیا طریقہ کار طے کیا جائے۔ بعد ازاںعدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ہجویری ٹرسٹ کے اکاونٹس جزوی طور پر بحال کردیئے اور کہا کہ ویلفیئر کے منصوبوں پررقم خرچ کی جا سکتی ہے۔عدالت نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعدنیب سے جواب طلب کیا تھا۔