Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے آسمان پر مکمل چاند گرھن کا غیرمعمولی نظارہ، حرمین میں ’صلاۃ الخسوف‘

بڑی تعداد میں مقامی افراد اور زائرین نے نماز ادا کی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب کے آسمان پر اتوار کی رات برسوں بعد طویل ترین دورانیے کےغیرمعمولی مکمل چاند گرھن کا مشاہدہ کیا گیا۔ مسجد الحرام، مسجد نبوی سمیت مملکت بھر میں’صلاۃ الخسوف‘ ادا کی گئی۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں مقامی افراد اور زائرین نے نماز ادا کی۔
الاخباریہ کے مطابق ممکت کے کئی علاقوں میں جزوی اور مکمل چاند گرہن کا نظارہ کیا گیا۔ اس کے مختلف مراحل کو حالۃ عمار آبزرویٹری میں مانیٹر کیا گیا۔
 یہ سال رواں کا دوسرا مکمل چاند گرہن ہے، پہلا گرہن جمعہ 14 مارچ کو ہوا تھا تاہم  یہ سعودی عرب میں نہیں دیکھا گیا تھا۔
فلکیاتی امور میں دلچسپی رکھنے والوں اور فوٹو گرافی کے شوقین افراد کے لیے چاند گرہن کا مشاہدہ ایک غیرمعمولی واقعہ تھا۔
 گرھن کو طویل ترین اس لیے کہا جارہا ہے کہ اس کا دورانیہ 5 گھنٹے 28 منٹ پر محیط ہے، مکمل چاند گرہن تقریبا 83 منٹ جبکہ جزوی گرھن 3 گھنٹے 29 منٹ تک رہے گا۔
مکمل چاند گرہن کے دوران ’خونی چاند‘ کا نظارہ ایشیا، یورپ کے کچھ حصوں اور افریقہ میں دیکھا گیا۔
 اے ایف پی کے مطابق جب سورج، زمین اور چاند ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے، جس کی وجہ سے چاند ایک عجیب، گہرے سرخ رنگ کا نظر آتا ہے۔ یہ منظر صدیوں سے انسانوں کو حیران کرتا آیا ہے۔

 

شیئر: