Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیویز کے دیس میں شاہینوں کی فتح، پاکستان پھرنمبر ون

ویلنگٹن:پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 18 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2سے جیت لی۔ فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے عالمی رینکنگ میں کیویز کو ٹاپ پوزیشن سے بھی محروم کر دیا اور پہلے نمبر پر براجمان ہوگیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ فخر زمان 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عمر امین نے 7 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 21 اہم رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز تک محدود رہی۔ مارٹن گپٹل کی 59 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ شاداب خان مین آف دی میچ اور محمد عامر مین آف دی سیریز قرار پائے۔تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میںکپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ فخر زمان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز دیا۔شہزاد 19 رنز بنا کر گرینڈہوم کی گیند پر غلط شاٹ لگاتے ہوئے آوٹ ہوئے۔ 66 کے مجموعی ا سکور پر بابر اعظم 18 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ 106 کے ا سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب فخر زمان 46 رنز بنانے کے بعد سینٹنر کی گیند پر بروس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد 29 رنز بناسکے، عمر امین نے اہم وقت پر 7 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 156 تک پہنچا کر پوزیشن بہتر بنائی۔ فہیم اشرف 8 رنز بنا سکے۔حارث سہیل 20 اور عامر یامین 15 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ایش سودھی اور مچل سینٹنر نے 2، 2 ۔ٹرینٹ بولٹ اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں نیوزی لینڈ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور 6 وکٹوں پر 163 رنز بنا سکا۔ مارٹن گپٹل اور کپتان کین ولیمسن نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ فہیم اشرف نے ولیمسن کو 9رنز پرآوٹ کیا ۔ اس کے بعد گپٹل نے کچن کے ساتھ مل کر اسکور 84 تک پہنچا دیا۔شاداب خان نے کچن کو16رنز پر آوٹ کر کے اہم پارٹنر شپ توڑی، شاداب نے اگلے اوور میں گپٹل کو آوٹ کر دیا، گپٹل نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔روز ٹیلر نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ شروع کی اور 3 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی آس دلادی تاہم 128 پر محمد عامر نے انہیں آوٹ کر کے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ٹام بروس 22 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ سینٹنر نے24 رنز بنا ئے ۔ شاداب خان نے 2 جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، عامر یامین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

شیئر: