لکھنؤ- - - - کانپور میں اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی ڈاکٹردینش شرما نے کہا کہ یوپی بورڈ کے امتحان یوگی حکومت کابھی امتحان ہے۔ نقل مافیا کے کمر توڑنے کیلئے پوری تیاریاں کردی گئی ہیں۔نقل سے پاک امتحان کرانے کیلئے ذمہ داریاں طے کی گئی ہیں۔ سبھی اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیں اور ایک مثال بنائیں۔ انہوں نے انٹرنیشنل انٹر کالج کے ڈائمنڈ جوبلی جشن کی اختتامی تقریب میں کہا کہ یوپی بورڈ امتحان کسی بھی چیلنج سے کم نہیں ۔ ہم سب کو اسکے ساتھ ایک ہوناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منیجر، مرکز کے منتظمین، اساتذہ اور تمام کالجوں کے پرنسپل کی ذمہ داری طے کی گئی ہے۔ اگر ہم سب ہماری ذمہ داری کو انجام دیں گے توہم اپنے مشن میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نقل کرنے اور کرانیوالے دونوں جیل جائیں گے ۔ اگر معاملہ رجسٹرڈ ہوا تو ان کو جیل جانا ہوگا۔ کوئی بھی اس کی سفارش نہیں کرے گا، ہم لوگوں سے بھی درخواست کرنا چاہتے ہیں کہ انہیں کسی بھی سطح پر ایسے لوگوں کی سفارش نہ کریں۔ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ آج منگل کو چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ اور وہ خود بورڈ امتحان کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ تمام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور صوبے کے ڈسٹرکٹ اسکول انسپکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ساتھ ہوگی۔