Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتوار اور پیر کو کشمیر، مری سمیت بالائی علاقوں میں ’ہلکی بارش اور برفباری‘ کا امکان

پاکستان کے لاہور اور کراچی جیسے شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بیش تر علاقوں میں آنے والے دنوں میں خشک موسم اور بارشوں کی کمی کی پیشگوئی کی ہے جس کے بعد میدانی علاقوں میں سموگ اور فضائی آلودگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر (این ڈبلیو ایف سی) کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بلیٹن کے مطابق 12 سے 16 دسمبر تک ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں معمول سے کم بارش اور برفباری متوقع ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق اس موسم سرما میں بارشوں کا سبب بننے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ کمزور پڑ گیا ہے۔
محمکمہ موسمیات کے بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ 12 دسمبر کو ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہو گا لیکن اس کا اثر محدود رہے گا۔
13  سے 15 دسمبر کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ تاہم پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے بڑی حد تک خشک رہیں گے۔
14 اور 15 دسمبر یعنی اتوار اور پیر کو اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور خطۂ پوٹھوہار میں بوندا باندی جبکہ گلیات اور مری میں ہلکی بارش/برفباری متوقع ہے۔
بارش نہ ہونے کا براہ راست اثر ملک کے گنجان آباد میدانی علاقوں بالخصوص پنجاب اور خیبر پختونخوا پر پڑ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات اور مری میں ہلکی بارش/برفباری متوقع ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں سموگ اور شدید دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اور پشاور جیسے بڑے شہروں میں حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔
موٹرویز اور اہم قومی شاہراہوں پر شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق خشک اور سرد موسم ہوا میں آلودگی کے ذرات کو نچلی سطح پر جمع ہونے دیتا ہے جس سے سموگ کی شدت بڑھ جاتی ہے۔
واضح رہے کہ فضائی آلودگی کے باعث پاکستان کے لاہور اور کراچی جیسے شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل رہے ہیں۔

شیئر: