نئی دہلی۔۔۔۔۔ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کو خفیہ معلومات افشا کرنے کے الزام میں دہلی پولیس کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔کیپٹن کا نام ارون مارواہ ہے۔ انہیں ہنی ٹریپ کے ذریعے پھنسایا گیا۔انہوں نے خفیہ اور حساس معلومات پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کو دی تھی ۔ذرائع کے مطابق گروپ کیپٹن ارون مارواہ دسمبر میں تریوندرم گیا تھا۔ وہاں اس کے فیس بک میسنجرپر فضائیہ کے ایک سابق ملازم کے ذریعے کرن رندھاوا نام کی آئی ڈی سے میسج آیا اور اس پر چیٹنگ شروع کی اور فوٹو ز بھی شیئر کئے۔اُس نے خفیہ معلومات کرن رندھاوا کو ارسال کیں تاہم ارون کا کہنا ہے کہ نہ تو میں کسی لڑکی سے ملااور نہ ہی کوئی پیسہ لیا۔آئی ایس آئی ایجنٹ نے لڑکی کے نام سے ارون مارواہ سے رابطہ کیا ۔دونوں کے درمیان لگاتار چیٹنگ شروع ہوگئی ۔ اپنے دام میں پھنسانے کے بعد آئی ایس آئی ایجنٹ نے خفیہ دستاویز طلب کیں جومارواہ نے فراہم کردیں۔ایئرفورس نے مارواہ سے متعلق ملنے والی معلومات کے بعد تحقیقات کا حکم دیا جس کی تصدیق ہونے کے بعد دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے ارون کو گرفتا کرلیا۔ واضح ہو کہ ہنی ٹریپ جاسوسی کا ایک طریقہ ہے ، جسے خفیہ معلومات حاصل کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے خوبصورت لڑکیوں کو سامنے لاکر کسی بھی شخص سے راز اگلوائے جاتے ہیں ۔ وڈیو ، تصویر، یا میسج کے ذریعے بلیک میل کیا جاتا ہے۔ مارواہ آئی ایس آئی کی خواتین ایجنٹس کے ساتھ کئی ماہ سے اسپیشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں تھا۔اُسے 5دن کیلئے پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا گیا۔