ابشر پلیٹ فارم پر سکیورٹی سے متعلق پانچ نئی سروسز کا اجرا
سعودی وزیرداخلہ نے ریاض میں ’ابشرکانفرنس 2025 ‘ کا افتتاح کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے ریاض میں ’ابشرکانفرنس 2025 ‘ کا افتتاح کیا جو طویق اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کانفرنس کے دوران نائب معاون وزیر داخلہ برائے فنی امور انجینئرتامر الحربی نے ابشرپلیٹ فارم پر مزید 5 سروس لانچ کیں جو سکیورٹی کے حوالے سے ہیں۔
انہوں نے کہا’ ابشر پلیٹ فارم پرخدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت میں گامزن ہیں تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سروسز محفوظ طریقے سے فراہم کی جائیں۔‘
اس سال ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے 30 سے زیادہ خدمات فراہم کی گئیں جو مختلف سرکاری شعبوں سے متعلق تھیں جن میں اہم ترین شہری امور، جوازات اور ادارہ امن عامہ شامل ہیں۔
معاون وزیر داخلہ برائے ٹیکنکل امورشہزادہ بندر بن عبداللہ مشاری کا کہنا تھا ابشرپلیٹ فارم ’کاغذ سے ڈیجیٹل تک‘ منتقلی کا ٹرننگ پوائنٹ ہے جس کا مقصد بہتر و فوری سروسز کی فراہمی ہے۔
ابشر کے ذریعے اب تک 400 سروسز فراہم کی جارہی ہیں جن سے ’نفاذ قومی‘ پورٹل کے ذریعے 32 ملین افراد مستفیض ہو رہے ہیں جبکہ پلیٹ فارم کے 93 فیصد سے زیادہ صارفین نے فراہم کی جانے والی سروسز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
