Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم پرسنل لا بورڈ اسلام کی سربلندی کیلئے کام کررہا ہے، اویسی

    حیدرآباد- - - - -آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اجلاس کی صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صدر کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کی ۔اجلاس میں مولانا کاکاسعید احمد عمری نائب صدر بورڈ،مولانا سید ولی رحمانی جنرل سکریٹری بورڈ،مولانا سید ارشد مدنی رکن عاملہ ‘ جسٹس سید شاہ محمد قادری رکن عاملہ موجود تھے ۔مولانا سید خلیل الرحمن سجاد نعمانی،مولانا محمود مدنی ، ظفر یاب جیلانی ایڈوکیٹ‘ مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری،مولانا مفتی خلیل احمد،مولانا محمد رحیم الدین انصاری بھی شریک ہوئے ۔بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ ہندوستان بھر میں اسلام اور شریعت پر ہونے والے حملوں کے دفاع اور سربلندی کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے۔ بورڈ کی جانب سے بابری مسجد اور تین طلاق جیسے اہم مقدمات کی بھی سپریم کورٹ میں پیروی کی جارہی ہے۔ صدر مجلس نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں شریعت سے متعلق بیداری اجلاس کئے جارہے ہیں۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری و ترجمان بورڈ نے کہا کہ آزادی کے بعد مسلمانوں کی معاشی ‘ تعلیمی اور سماجی پسماندگی کے علاوہ کئی مسائل تھے لیکن ان مسائل سے زیادہ شریعت اور تعلیم کے مسائل سنگین ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں شریعت کو لے کر مذہبی تشخص اور عبادتگاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بابری مسجد کو صرف ایک عمارت یا ایک زمین کا مسئلہ نہیں کہا جاسکتا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ کرلیا جائے‘ جس سے معاوضہ ملے گا۔بعض نے کہا کہ مقدمہ کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ اگر مصالحت کرلی جائے تو بہتر ہوگا۔ مولانا رحمانی نے کہا کہ ہماری جتنی دولت اور مال و متاع ہے وہ شرعی تشخص کے روبرو کچھ بھی نہیں۔ یہ مسئلہ صرف مسجد کی زمین کا یا عمارت کا نہیں بلکہ مسلمانوں کے تشخص کا مسئلہ ہے۔ایسے مرحلے میں مسلمان اگر جدوجہد نہیں کریں گے تو مسلمانوں کی شناخت اور تشخص ختم ہوجائے گا۔

شیئر: