سوئٹزر لینڈ :کرکٹ آن آئس، آفریدی الیون نے سہواگ الیون کو ہرادیا
سینٹ مورٹز: کرکٹ آن آئس(برف پر کرکٹ) کے نام سے سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں شاہد آفریدی الیون نے سہواگ الیون کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔سو ئٹزر لینڈ کے برفانی علاقے سوئس ایلپس میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شعیب اختر، شاہد آفریدی، محمد کیف ،جیک کیلس، وریندر سہواگ، عبدالرزاق، لاستھ ملنگا اور گریم اسمتھ سمیت سابق کرکٹرز شریک ہیں ۔دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آفریدی کی ٹیم رائلز نے سہواگ کی ڈائمنڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ ڈائمنڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز بنائے جس میں کپتان سہواگ کے 31 گیندوں پر جارحانہ 62 رنز اور اینڈریو سائمنڈز کے برق رفتار 40 رنز بھی شامل تھے۔رائلز کی جانب سے عبدالرزاق نے 4، شعیب اختر نے2 اور آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں آفریدی رائلز نے ہدف 15.2 اوور میں حاصل کرلیا۔ رائلز ٹیم کے اویس شاہ نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔