Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز کیلئے پاکستانی پہلوانوں کا جدید ٹریننگ کامطالبہ

اسلام آباد:آسٹریلیا میں ہونے والے گولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمزکی تیاری میں مصروف پاکستانی پہلوانوں نے بیرون ملک ٹریننگ کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جدید ٹریننگ کے بغیر میڈلز کا حصول مشکل ہے جبکہ کوچ سہیل رشید کا کہنا ہے کہ پہلوانوں کو بیرون ملک ٹریننگ دلائی جائے، اگر وہ میڈلز نہ جیتے تو سارے اخراجات وہ اپنی پنشن کی رقم سے ادا کریں گے۔اپریل میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں 6پہلوان پاکستان کی نمائندگی کریں گے لیکن ان پہلوانوں کو نہ تو بیرون ملک کسی ایونٹ میں شرکت کا موقع مل رہا ہے اور نہ انہیں جدید ٹریننگ کی سہولت مہیا کی گئی جبکہ مقابلے میں روایتی حریف ملک ہند پہلوان امریکہ میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔پاکستانی کوچ سہیل رشید اپنے پہلوانوں کو بیرون ملک ٹریننگ نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلوانوں کو جدید طرز کی ٹریننگ کےلئے بیرون ملک بھیجا جائے اوراگر پہلوان میڈلز نہ جیت پائے تو بیرون ملک ٹریننگ کے تمام اخراجات وہ حکومت کو واپس کردیں گے۔کامن ویلتھ گیمز میں اب تک پاکستانی پہلوان 20 گولڈ سمیت 39 میڈلز جیت چکے ہیں۔ اگرپہلوانوں کی جدید طرز کی ٹریننگ کا بندوبست کردیا جائے تو امید ہے گولڈ کوسٹ میں مایوسی نہیں ہوگی۔

شیئر: