عبدالقدیر ہائوس کو ہاؤس آف دی ائیر کا اعزاز ، سینئر بوائز اور گرلز ونگ میں علیحدہ علیحدہ مقابلے ہوئے ، آئندہ برس مزید کھیلوں کا اضافہ کیاجائیگا ، طاہر رضا عابدکا خطاب
جاوید اقبال ۔ ریاض
پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے سینیئر بوائز ونگ ون کے سالانہ انٹر ہائوس مقابلے منعقد ہوئے۔ عبدالقدیر، عبدالعزیز، اقبال، ٹیپو اور جناح ہائوسز کے کھلاڑیوں نے فٹبال، کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ تمام ہاؤسز نے اپنی انتہائی متوازن ٹیموں کو میدان میں اتارا ۔ نتائج کے مطابق اقبال ہائوس اول، عبدالعزیز ہاؤس دوم ، عبدالقدیر اور جناح ہاؤس سوم اور ٹیپو ہاؤس چوتھے نمبر پر رہے۔ 2017-18ء کے دوران قرأت ، اردو اور انگریزی مباحثوں اور ذہنی آزمائش کے مقابلے بھی کرائے گئے ۔ مجموعی طور پر عبدالقدیر ہاؤس کو ہائوس آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ تقریب کے اعزازی مہمان خصوصی سینیئر استاد نعیم حیات گھمن تھے جو ایک طویل عرصے تک تعلیمی ادارے میں خدمات انجام دہی کے بعد مستقل پاکستان جارہے تھے۔ پرنسپل اور مینجمنٹ کونسل کے چیئرمین پروفیسر طاہر رضا عابد نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو انعامات اورچیمپیئن عبدالقدیر ہاؤس کو ٹرافی دی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور تمام کھلاڑیوں کے جذبے کی ستائش کرتے ہوئے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل جسمانی نشوونما کے ساتھ انسانی کردار و شخصیت کو بھی نکھارتا ہے۔ پروفیسر طاہر رضا عابد نے اعلان کیا کہ اگلے سال ایتھلیٹکس اور رسہ کشی کے مقابلوںکو بھی شامل کیا جائیگا۔ وائس پرنسپل پروفیسر گوہر رفیق نے اپنے خطاب میں پرنسپل کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اعزازی مہمان خصوصی نعیم حیات گھمن کی ادارے کیلئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ڈسپلن انچارج سید افضال حسین شہ، سینیئر ہائوس ماسٹر میاں محمد اقبال اور عبدالرزاق قریشی کو انکی خدمات پر میڈلز عطا کئے۔ سینیئر گرلز ونگ ون میں بھی سالانہ کھیلوں کا ہفتہ منایا گیا۔ نہم ای کی طالبہ ملائیکا ایمان کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ وائس پرنسپل گرلز ونگ فوزن عظیم بھٹی نے فیتہ کاٹ کر کھیلوں کا باقاعدہ آغاز کیا۔ 5 ہاؤسز کی درجنوں طالبات نے مختلف کھیلوں میں گرمجوشی سے حصہ لیا۔ باسکٹ بال، تھرو بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور مختلف دوڑوں میں ہاؤسز نے ایک دوسرے کو شکست دینے کی کوشش کی۔ آخری روز تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا۔ مہمان خصوصی ثروت اقبال تھیں۔ طالبات نے گارڈ آف آنر، ٹیبلو، پی ٹی شو اور جمناسٹکس کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مہمان خصوصی نے طالبات کو زندگی کے ہر میدان میں بھرپور لگن ، محنت، ایمانداری اور نظم و ضبط کیساتھ اپنا کردارادا کرنے کی تلقین کی۔ آخر میں مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔