پیرس کے مضافات میں پہلی اربن کیبل کار کا افتتاح کر دیا گیا
پیرس کے مضافات میں پہلی اربن کیبل کار کا افتتاح کر دیا گیا
ہفتہ 13 دسمبر 2025 21:00
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مضافاتی علاقے میں پہلی اربن کیبل کار کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو لائمئیل بریوان کے مضافاتی علاقے میں سی1 لائن کا افتتاح کیا گیا، جس کی تقریب میں الی دو فرانس خطے کی سربراہ ویلری پیکریس اور ان شہروں کے میئرز شریک ہوئے جنہیں یہ کیبل کار سہولت ملے گی۔
ساڑھے چار کلومیٹر طویل یہ راستہ کریتیئیل کو ویلنوو سان ژورژ سے جوڑتا ہے اور اس دوران لائمئیل بریوان اور والنتوں سے گزرتا ہے۔
یہ کیبل کار روزانہ تقریباً 11 ہزار مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اور 105 ڈبوں میں سے ہر ایک میں 10 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
مکمل سفر، راستے میں سٹاپس سمیت، صرف 18 منٹ میں طے ہو گا، جبکہ بس یا کار کے ذریعے یہی سفر تقریباً 40 منٹ لیتا ہے۔ اس طرح یہ نظام الگ تھلگ محلوں کو پیرس میٹرو کی لائن 8 سے جوڑتا ہے۔
حکام کے مطابق ایک کروڑ 38 لاکھ یورو کی لاگت کا یہ منصوبہ زیرِزمین میٹرو کے مقابلے میں کہیں کم خرچ ثابت ہوا۔
الی دو فرانس ریجنل کونسل میں ٹرانسپورٹ کے نائب صدر گریگوار دے لاستیری نے کہا کہ ’زیرِزمین میٹرو کبھی حقیقت کا روپ نہیں دھار سکتی تھی، کیونکہ ایک ارب یورو سے زائد کے بجٹ کو کسی صورت میں مالی معاونت نہیں مل سکتی تھی۔‘
اس کیبل کار کے ذریعے مکمل سفر، راستے میں سٹاپس سمیت، صرف 18 منٹ میں طے ہو گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یہ فرانس کی ساتویں اربن کیبل کار ہے۔ اس سے پہلے بریسٹ، سینٹ ڈینس ڈی لا ری یونین اور تولوز سمیت کئی شہروں میں فضائی ٹرام وے نظام کامیابی سے چل رہے ہیں۔
ماضی میں یہ نظام زیادہ تر دشوار گزار پہاڑی علاقوں کو عبور کرنے کے لیے استعمال ہوتے تھے، مگر اب انہیں بتدریج الگ تھلگ شہری آبادیوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے اپنایا جا رہا ہے۔
فرانس کی پہلی اربن کیبل کار سنہ 1934 میں الپس کے دامن میں واقع شہر گرینوبل میں تعمیر کی گئی تھی۔