Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئی قصور وار نہیں،ہاکی کوچ پرخواتین کھلاڑیوں کے ا لزامات کا معاملہ ختم

لاہور:پاکستان کی خواتین ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں کی جانب سے کوچ پر عائد کئے گئے الزامات کا معاملہ خاموشی سے طے کردیا گیا اور کسی کو قصور وار قرار نہ دے کراسکینڈل کی فائل بند کر دی گئی ۔ کوچ سعید خان پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی کھلاڑی سیدہ سعدیہ نے ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین نوید عالم سے ملاقات کی جس کے بعد سیدہ سعدیہ نے پاکستان کی جانب سے کھیلنے پر بھی غیر مشروط آمادگی ظاہر کردی۔ سیدہ سعدیہ اور اقرا جاوید نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو تحریر ی خط میں کہا ہے کہ چونکہ سعید خان اب کوچ نہیں رہے، اس لئے ہم دونوں پاکستان ہاکی ٹیم کی غیر مشروط نمائندگی کرنا چاہتی ہیں، ملک کی عزت اور ہاکی کی بہتری کےلئے حاضر ہیں۔نوید عالم نے اسی درخواست پر دونوں کو کیمپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ سیدہ سعدیہ نے سابق کوچ سعید خان پر ہراسانی کے سنگین الزامات لگائے تھے اورسیدہ سعدیہ کے حق میں ایک اور کھلاڑی اقرا جاوید نے بھی بیان دیا تھا ۔سعید خان مسلسل ان الزامات کی تردید کرتے رہے۔نوید عالم سے ملاقات کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سعید خان کو بھی کلیئر کردیا ۔ابتدا میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خواتین ونگ نے دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کردیا تھا۔پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ اب دونوں کھلاڑی سلیکشن کےلئے دستیاب ہوں گی، سیدہ سعدیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد سے بھی ملاقات کی تھی۔

شیئر: