Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم اگلے سال کے آغاز میں ہو سکتا ہے: خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ مختلف حلقوں کی جانب سے تجاویز اور تحفظات سامنے آئے ہیں اور مختلف فریقین کے ساتھ مشاورت جاری ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی جانب پیش رفت کر سکتا ہے اور جنوری کے پہلے ہفتے کا ہدف ’حقیقت سے زیادہ دور نہیں‘ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس تجویز نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں حمایت اور مخالفت دونوں کو جنم دیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت چار صوبے ہیں، اور مزید صوبوں کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
تاہم پاکستان پیپلز پارٹی، جو سندھ میں حکومت کرتی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی ایک اہم اتحادی ہے، صوبے کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالف ہے۔
پاکستان کا آئین وزیراعظم کو یہ اختیار دیتا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی منظوری کے بعد وہ قومی اہمیت کے کسی معاملے پر عوام سے ریفرنڈم کے ذریعے رائے لے سکتے ہیں۔ تاہم صرف ریفرنڈم سے کسی صوبے کی سرحد تبدیل نہیں ہو سکتی۔ نیا صوبہ بنانے کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوگی، جس کے لیے پارلیمنٹ کے ہر ایوان کی کل رکنیت کی دو تہائی اکثریت اور متعلقہ صوبے کی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کی منظوری ضروری ہوگی۔
خواجہ آصف نے اتوار کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں کہا کہ ’میرے خیال میں وہ تاریخ حقیقت سے زیادہ دور نہیں۔ یہ اس سے پہلے بھی ہو سکتا ہے یا تھوڑا بعد میں بھی۔ بہرحال، یہ جلد ہوگا، ان شااللہ، نئے سال کے آغاز میں۔‘
انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں کی جانب سے تجاویز اور تحفظات سامنے آئے ہیں اور مختلف فریقین کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں یقیناً یہ کہوں گا کہ اس میں دو سے چار ماہ نہیں لگیں گے۔ میرے خیال میں یہ بالکل قریب ہے۔‘
نئے صوبوں سے متعلق بحث نے اس وقت زور پکڑا جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو اسلام آباد میں پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کے دوران مزید صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’اگر صوبے کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو معاشرہ تقسیم ہو جائے گا۔‘ (فوٹو: پیپلز پارٹی ایکس)

گزشتہ ہفتے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا اقدام شدید بدامنی کا باعث بن سکتا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر صوبے کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو معاشرہ تقسیم ہو جائے گا، دشمنیاں پیدا ہوں گی، عام لوگ ہتھیار اٹھا لیں گے، اور خونریزی صرف ایک ہلاکت تک محدود نہیں رہے گی۔‘
اگرچہ خواجہ آصف نے ریفرنڈم کی کوئی حتمی تاریخ دینے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ ’اس پیش رفت کا ناگزیر ہونا ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ واضح ہوتا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر کسی کو پورے معاملے پر تحفظات ہیں اور وہ ان کا اظہار کر رہا ہے تو آپ اسے یہ حق دینے سے انکار نہیں کر سکتے۔ یہ کسی بھی معاشرے کا بنیادی عنصر ہے۔‘
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ’مسودہ بھی ایک مشترکہ دستاویز ہوگا جس میں تمام شراکت داروں کی آرا شامل ہوں گی۔ ایسی دستاویز کے بجائے جو اختلاف کا باعث بنے، میری ذاتی رائے یہ ہے کہ موجودہ کوششوں، مسلسل ملاقاتوں اور مشاورت کے نتیجے میں کوئی نہ کوئی ایسی تجویز سامنے آئے گی جو سب کے لیے قابل قبول ہوگی۔‘

 

شیئر: