Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویرات کوہلی کا رینکنگ میں ایک اور اعزاز ، بابر اعظم کی بھی ترقی

دبئی:ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں بیک وقت 900سے زائد ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے ہیں ، افغان بولر راشد خان اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ بولنگ رینکنگ میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آگئے ہیں اور ہندوستانی بولر جسپریت بمرا کے ساتھ اس اعزاز میں شریک ہیں ۔پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ بولرز میں حسن علی کا 5واں نمبر ہے۔آئی سی سی نے ہند ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے، افغانستان کی ون ڈے سیریز کے اختتام پر منگل کو نئی ون ڈے رینکنگ کا اجرا کیا ۔ کوہلی سیریز میں ٹاپ اسکورر بننے کی بنیاد پر اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے رینکنگ پوائنٹس کی تعداد909تک پہنچانے میں کامیاب رہے اور جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز کے بعد ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بیک وقت900سے زائد پوائنٹس حاصل کرنے والے دوسرے انٹر نیشنل کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔ ون ڈے رینکنگ پوائنٹس میں اب صرف ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور بیٹسمین ویوین رچرڈز ان سے آگے ہیں جن کی پوائنٹس کی تعداد 935ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ویرات کوہلی کے رینکنگ پوائنٹس کی تعداد912 ہے ۔ہندوستانی اوپنر شیکھر دھون نے سیریز میں اچھی بیٹنگ کے نتیجے میں اپنی ر ینکنگ بہتر بنائی اور4درجے ترقی کرکے ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ہیں۔پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ایک درجے ترقی کے نتیجے میں پانچویں سے چوتھے نمبر پر آگئے جبکہ حسن علی نے بولرز میں اپنی پانچویں اور محمد حفیظ نے آل راونڈرز میں دوسری پوزیشن برقرار رکھی ۔ زمبابوے کے خلاف سیریز میں عمدہ بولنگ پر نوجوان افغان اسپنر راشد خان، ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمرا کے ہمراہ پہلے نمبر پر آگئے۔ راشد خان نمبر ون بننے والے سب سے کم عمر بولر ہیں۔ 

شیئر: