ریاض.... قومی مرکز برائے متبادل طریقہ علاج کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سعود السند نے ملکی کمیٹی برائے غذا و دوا کے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور مملکت میں رائج حجامہ میں استعمال ہونے والے آلات طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ سبق نیوز کے مطابق مملکت میں متبادل طریقہ علاج میں سب سے زیادہ مقبول ترین حجامہ ہے جو زمانہ قدیم سے مستعمل ہے ۔ دونوں اہم محکموں میں اس امر پر اتفاق رائے پایا گیا کہ متبادل طریقہ علاج کے لئے استعمال ہونے والے آلات کی جانچ کا مناسب بندوبست کیا جائے تاکہ بیماری دوسرں میں منتقل نہ ہو سکے ۔ اجلاس میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ حجامہ اور دیگر طریقہ علاج میں استعمال ہونے والے آلات کو مکمل طور پر جراثیم کش بنانے کے لئے غذا و دوا کمیٹی کو مختلف طریقوں سے آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کمیٹی کی جانب سے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو متبادل طریقہ علاج کے مراکز میں جاکر وہاں باقاعدہ جائزہ لیں تاکہ لوگوں کو بہترین سہولیتیں میسر آسکیں ۔