Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھورندر، چھاوا اور ۔۔۔، 2025 کی مزید کامیاب ترین فلمیں کون کون سی ہیں؟

آیوشمن کھرانہ کی فلم ’تھما‘ 157 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے فہرست کا حصہ بنی (فوٹو: بالی وڈ تماشا)
بالی وڈ فلم ’چھاوا‘ 2025 کی اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی ہے اس فہرست میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’دھورندر‘ بھی شامل ہے جو پاکستان میں بھی بہت زیربحث ہے کیونکہ اس میں کراچی کے علاقے لیاری کو موضوع بنایا گیا ہے اور کہانی میں رحمان ڈکیت اور چوہدری اسلم کے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

چھاوا

شوبز ویب سائٹ کوئی موئی پر دی گئی فہرست کے مطابق وکی کوشل، اکشے کھنہ اور ریشمکا مندانہ کی فلم ’چھاوا‘ ٹاپ پر ہے اور فروری میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے 615 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
یہ فلم چھتر پتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی سے متعلق ہے جس میں مغل دور دکھایا گیا تھا۔
 دھورندر 
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ’دھورندر‘ آتی ہے۔ پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے لیاری کے بیک ڈراپ میں بنائی گئی یہ فلم اس وقت سینیما گھروں کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی چھائی ہوئی ہے اور اس کے سینز کی میمز بھی بنائی جا رہی ہیں۔
اس میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجے دت کے علاوہ دیگر فنکاروں نے کام کیا ہے۔
 

رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’دھورندر‘ میں کراچی کا علاقہ لیاری دکھایا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ پانچ دسمبر کو ریلیز ہونے والی یہ فلم اب تک تین سو 96 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے اور امید کی جا رہی ہے یہ بھی پانچ کا ہندسہ عبور کرنے والی فلموں میں شامل ہو جائے گی۔

 سیارہ

18 جولائی 2025 کو ریلیز ہونے والی فلم ’سیارہ‘ کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
آہان پانڈے اور انیت پڈا نے اس فلم سے ڈیبیو کیا تھا، اس کی ریلیز سے قبل بالی وڈ کی تاریخ میں پہلی بار دیکھا گیا تھا کہ ان دونوں نے فلم کی ریلیز سے قبل ہی بہت مقبولیت حاصل کر لی تھی۔
اس فلم نے 337 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

آہان پانڈے اور انیت پڈا ڈیبیو فلم ’سیارہ‘ کی ریلیز سے قبل ہی مقبول ہو گئے تھے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

مہاواتار نرسمہا

چوتھے نمبر پر فلم ’مہاواتار نرسمہا‘ آتی ہے۔ یہ ایک اینیمیٹڈ فلم ہے جو 25 نومبر 2025 کو ریلیز ہوئی تھی اس کے پروڈیوسر شلپا دھاون اور وشنو پورانہ ہیں اور ہدایت ایشون کمار ہیں۔
اس نے 247 کروڑ انڈین روپے سے زائد کا بزنس کیا۔

وار ٹو

14 اگست 2025 کو ریلیز ہونے والی فلم ’ وار ٹو‘ میں ہریتک روشن، این ٹی راما راؤ، کیارا ایڈوانی، انیل کپور اور اشوتوش رانا سمیت دیگر فنکاروں نے کام کیا ہے۔
سسپنس اور ایکشن کے مناظر سے بھرپور اس فلم نے 224 کروڑ انڈین روپے سے زائد کی کمائی کی۔

وار ٹو 14 اگست 2025 کو ریلیز ہوئی تھی (فوٹو: وینیٹی ڈاٹ کام)

کانتارا چیپٹر ون

فہرست میں شامل اس فلم نے 224 کروڑ انڈین روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے۔ اس کی کاسٹ میں رکمنی وسانت، رشبھ شیٹی، گلشن دیویاہ سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔
یہ فلم دو اکتوبر 2025 کو ریلیز ہوئی تھی۔

ہاؤس فل فائیو

ہاؤس فل سیریز کا یہ پانچواں حصہ چھ جون 2025 کو ریلیز ہوا تھا۔ یہ ایک کامیڈی تھرلر فلم ہے جس کے شریک مصنف تارون منسوکھانی ہیں جبکہ ہدایت کار بھی وہی تھے۔
ایک بڑی کاسٹ رکھنے والی اس فلم میں اکشے کمار، ابھیشیک بچن، ریتیش دیشمکھ، جیکولین فرنینڈس، سونم باجوہ، نرگس فخری، سنجے دت، جیکی شروف اور فردین خان سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔

ہاؤس فل 5 ایک بڑی کاسٹ رکھنے والی فلم تھی جس میں اکشے کمار اور ابھیشیک بچن کے علاوہ سنجے دت اور جیکی شروف بھی شامل تھے (فوٹو: سکرین شاٹ)

رپورٹ کے مطابق اس فلم کا بزنس 198 کروڑ انڈین روپے سے زائد رہا۔

ریڈ ٹو

یہ اس سے قبل آنے والی فلم ’ریڈ‘ کا سیکوئل تھی جو کہ یکم مئی 2025 کو ریلیز ہوئی، اس میں بھی پہلی فلم کے زیادہ تر فنکار شامل تھے، مرکزی کردار اجے دیوگن نے ادا کیا جبکہ ریتیش دیشمکھ اور وانی کپور نے بھی اہم کردار نبھائے۔
یہ فلم 179 کروڑ انڈین روپے کمانے کے بعد اس فہرست میں شامل ہوئی۔

ستارے زمین پر

یہ بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ہے جو ان کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ ہی کی طرز پر بنائی گئی۔

رواں برس 20 جون کو ریلیز ہونے والی ’ستارے زمین پر‘ نے 166 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی (فوٹو: مووی پوسٹر)

20 جون 2025 کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے 166 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ اس کی کاسٹ میں عامر خان کے علاوہ سرمن منگیشکر، نمان مسرا، گوپی کرشن ورما نکہت خان اور دوسرے فنکار شامل تھے۔

تھما

یہ ایک رومینٹک کامیڈی فلم ہے جو 21 اکتوبر 2025 کو ریلیز ہوئی اس کی کاسٹ میں آیوشمن کھرانہ، ریشمکا مندانہ، نوازالدین صدیقی اور پاریش راول نے اہم کردار نبھائے۔
رپورٹ کے مطابق اس نے 157 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔

شیئر: