Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبائل پر انعام نکلنے کی نوید سنا کر لوٹنے کا سلسلہ دوبارہ شروع

دھوکے باز معروف سپر مارکیٹوں کے نام سے انعامی پیغامات ارسال کر رہے ہیں ، ٹیلی فون کرنے پر بینک کی تفصیلات طلب کی جاتی ہیں ، انعامی پیغامات ہمارے نہیں ، سپر مارکیٹ انتظامیہ
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) موبائل فون پرانعام نکلنے کی نوید سنا کر لوگوں کو لوٹنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین ہوشیار رہیں اس قسم کے پیغامات پر توجہ نہ دی جائے ۔ دوسری جانب معروف سپر مارکیٹ کی انتظامیہ نے بھی اس قسم کے پیغامات پر توجہ نہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند برس قبل متعدد بین الاقوامی گروہ کی جانب سے لوگوں کو موبائل پر موصول ہونے والی کالزمیں آگاہ کیاجاتا تھا کہ انکا فلاں ٹیلی فون کمپنی کی جانب سے انعام نکلا ہے ۔ دھوکے باز گروہ اپنے شکار کو مزید گھیرنے کےلئے انکے موبائل سم کے عقب میں درج سیریل نمبربتا کر کہتے تھے کہ وہ متعلقہ موبائل کمپنی سے بات کررہے ہیں اگر آپ کو یقین نہ آئے تو اپنے موبائل فون کی سم نکال کر اس پر درج سیریل نمبر چیک کیاجائے ۔ اس قسم کی باتوں سے متاثر ہو کر سادہ لوح افراد انکے جھانسے میں آجاتے تھے بعدازاں دھوکے باز اپنے شکار سے موبائل ریچارج کارڈ طلب کرتے جو ہزاروں ریال میں ہوتی تھی ۔ انعامی رقم کی نوید سنانے والے اپنے شکار کو کہتے تھے کہ انکی فائل مکمل کرنی ہے جس کےلئے کریڈٹ ٹرانسفرکرنا پڑے گا ۔ خطیر انعامی رقم کا سن کر لوگ انکے جھانسے میں آجاتے اور انکا مطالبہ پورا کرتے جب دھوکے بازوں کو موبائل ریچارجنگ کارڈ کی صورت میں رقم مل جاتی تو وہ اپنے شکار کا نمبر بلاک کر دیتے تھے ۔ مذکورہ وارداتوں کے ذریعے ہزاروں افراد کولوٹا گیا تھا ۔ اب ایک بار پھر دھوکے باز گروہ سرگرم عمل ہو گیا ہے تاہم انہو ںنے انعامی رقم کی نوید کا رخ دوسری جانب کر کے معروف سپرمارکیٹس کے نام سے لوگوں کو واٹس اپ پر پیغامات ارسال کئے جارہے ہیں جن میں کہا گیا ہے جاتا ہے کہ " آپ کو مبارک ہو آپ کا 2 لاکھ ریال کا انعام نکلا ہے ۔ انعامی رقم حاصل کرنے کے لئے دیئے گئے نمبر پر کال کریں " ۔ گروہ کی جانب سے واٹس ایپ کےلئے مختلف پروگرام استعمال کئے جارہے ہیں جن کی آئی پی بیرون مملکت ظاہر کرتی ہے ۔ اس ضمن میں معروف سپر مارکیٹ جس کے نام سے یہ لوگ انعامی رقم کی نوید سناتے ہیںکے ذمہ دار نے اردونیوز کو بتایا کہ انکی جانب سے اس قسم کی کوئی انعامی اسکیم نہیں تاہم جو انعامی اسکیم ہوتی ہے اس کےلئے صارفین کو فراہم کئے گئے کوپن کی قرعہ اندازی کی جاتی ہے جس کا اعلان باقاعدہ کمپنی کی ویب سائٹ پر کیا جاتا ہے ۔ کمپنی کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ صارفین انکے ناموں سے جاری ہونے والے اس قسم کے دھوکا دہی کے پیغامات سے ہوشیار ہیں اور دھوکے بازوں کی چالو ں میں قطعی نہ آئیں ۔ دریں اثناءاردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے پیغامات پر توجہ نہ دی جائے اگر ممکن ہو تو متعلقہ اداروں کو اس بارے میں مطلع کریں ۔ دھوکے بازوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ دریں اثناءاردونیوز نے جعلی انعامی پیغام میں دیئے گئے نمبر پر ٹیلی فون کیا تودوسری جانب بولنے والے نے خود کو معروف سپر مارکیٹ کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے بینک کی تفصیلات طلب کی ۔ دریں اثناءبینک ذرائع نے بھی صارفین کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اس قسم کے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور اپنے اکاﺅنٹ کی تفصیلات قطعی طور پر کسی کو فراہم نہ کی جائیں ۔

شیئر: