Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل3:ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو چت کر دیا

 
دبئی: متحدہ عرب امارات میں سجے پاکستانی کرکٹ میلے میں ملتان سلطان کی نووارد ٹیم نے لاہورقلندرز کو 43رنزسے ہرا دیا۔179رنز کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 136رنز بنا سکی۔  پی ایس ایل3  میں ملتان سلطان کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ میچ کی خاص بات جنید خان کی ہیٹ ٹرک تھی، انھوں نے یاسر شاہ، کیمرون ڈلپورٹ اور رضا حسن کو آوٹ کیا۔لاہور قلندر کے کپتان نیوزی لینڈ کے جارح بلے باز برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ ملتان سلطان کی جانب سے کمار سنگاکارا نے اس دوسرے میچ میں بھی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 63 رنز بنائے ، احمد شہزاد نے 38رنز بنا کرپی ایس ایل میں اپنی آمد کی اطلاع دیدی۔شعیب ملک نے 48رنز کی اننگز کھیل کر لاہور قلندرزکےلئے 180 رنز کا مشکل ہدف دیا۔جوابی اننگز میں کپتان میکلم کے صفر پر آوٹ ہونے کے باوجود فخر زمان نے بہتر کھیلنے کی کوشش کی ۔انہوں نے 49رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن احمد شہزاد نے نہایت عمدہ کیچ لیتے ہوئے انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔نرائن نے 26جبکہ عمر اکمل نے 31رنز بناتے ہوئے ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کر دیا جبکہ سہیل اختر نے 31رنز بنائے انہیں عمران طاہر نے آوٹ کیا ۔ اس وقت 132رنز پر لاہور قلندرز کے صرف 3کھلاڑی آوٹ تھے۔لاہور قلندر کی آخری 7 وکٹیں صرف4 رنز پر گریں جن میں آخری 5 وکٹوں کے عوض ایک اسکور آگے بڑھ سکا۔لاہو ر قلندرز کی پوری ٹیم 136رنز پر17.2اوورز میں آوٹ ہو گئی۔جنید خان کی ہیٹ ٹرک کے علاوہ عمران طاہر نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔جنید خان نے پی ایس ایل کی تاریخ کی دوسری ہیٹ ٹرک کی، پہلی ہیٹ ٹرک پہلے پی ایس ایل 2016ءمیں محمد عامر نے کی تھی۔

شیئر: