Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سعودی پارلیمانی روابط مزید مستحکم کئے جائینگے

پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی کرنے پر خادم حرمین شریفین کے شکر گزار ہیں، خان ہشام بن صدیق
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے اپنے وفد کے ہمراہ سعودی مجلس شوریٰ کی پاک سعودی فرینڈ شپ کمیٹی کے ارکان اور ان کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ الحربی سے ملاقات کی۔ کمیٹی کے ارکان نے سفیر پاکستان اور ان کے وفد کا مجلس شوریٰ کے پہلے دورے کے موقع پر گرمجوشی سے استقبال کیا اور انکا شکریہ ادا کیا۔ دوران ملاقات مجلس شوریٰ کے ارکان نے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا اورواضح کیا کہ ان روابط کو مزید بلندیوںسے روشناس کرنے کی ضرورت اور امکان ہے۔ انہوں نے دہشتگردی اور شدت پسندی کیخلاف جنگ میں مملکت کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور مختلف میدانوں میں روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے مختلف امور کی باہمی تفہیم کیلئے ارکان پارلیمان اور عوام کے درمیان تعلقات کی وسعت پر بھی زوردیا۔ دوران گفتگو یہ بھی واضح کیا گیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور تعلیم کے امور میں تعاون بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔ مجلس شوریٰ کے ارکان نے مملکت کی پیشرفت میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کی ستائش کی اوراس میدان میں دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ سفیر پاکستان نے انہیں اور ہمراہ وفد کو مدعو کرنے پرچیئرمین اور انکے ہمراہی ارکان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان کا پاک سعودی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لیجانے اور پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے اظہار تشکر کیا۔ خان ہشام بن صدیق نے مجلس شوریٰ کے ارکان کو یقین دلایا کہ وہ دونوں برادر ملکوں کے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی وفود کے باہمی دوروں کو یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں:۔ مطلوب بس ڈرائیور پاکستانی نکلا
 
 

شیئر: