طائف کے تاریخی مقامات زائرین کی آماجگاہ
طائف .... طائف کمشنری کے کئی قدیم تاریخی مقامات بدعات و خرافات اور مشرکانہ رسموں کے مراکز میں تبدیل ہوگئے۔ متعلقہ ادارے چپ سادے ہوئے ہیں۔ تارکین وطن بسوں سے قافلوں کی صور ت میں تاریخی مقامات پہنچ رہے ہیں۔ ضعیف العقیدہ اور مادہ پرست لوگ انکی روحانی بھوک سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ عمرہ اور حج پروگرام کا حصہ بناکر انہیں مشرکانہ رسمیں کرنے کی ترغیبات دے رہے ہیں۔ اقامہ و محنت قوانین کی خلا ف ورزی کرنے والے غیر ملکی انہیںپانی کی بوتلیں یہ کہہ کر فروخت کررہے ہیں کہ یہ مبارک پانی ہے اور یہ اس زرعی فارم کا ہے جہاں سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم دورہ طائف کے موقع پر گزرے تھے اور جہاں عداس نے انکی خدمت کی تھی۔ بس ڈرائیوربھی زائرین کو طائف کے مختلف مقامات کی زیارت کے حوالے سے من گھڑت کہانیاں سنا ر ہے ہیں۔ مسجد الکوع، العباس قبرستان مقامات پر آمد ورفت کا سلسلہ بڑھا ہوا ہے۔