صنعتی شعبے سے وابستہ غیر ملکی کارکنوں کی فیس منسوخ، کابینہ
’یہ فیصلہ اقتصادی و ترقیاتی امور کی کونسل کی سفارش کی بنیاد پر کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی صدارت میں منعقدہ کابینہ نے صنعتی شعبے میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کی فیس منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ اقتصادی و ترقیاتی امور کی کونسل کی سفارش کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ دانشمند قیادت کی جانب سے صنعتی شعبے کو فراہم کی جانے والی مسلسل سرپرستی کا تسلسل ہے۔
ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی اس کاوش کی عکاسی بھی کرتا ہے جس کا مقصد قومی صنعت کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر اس کی پائیداری اور مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
صنعتی شعبے سے وابستہ غیر ملکی کارکنوں کی فیس کا خاتمہ وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی جانب سٹریٹجک قدم قرار دیا جاتا ہے جس کے ذریعے مضبوط، لچکدار اور مسابقتی صنعتی معیشت کی تشکیل مقصود ہے کیونکہ صنعت قومی آمدنی کے ذرائع میں تنوع اور غیر تیل معیشت کے فروغ کا بنیادی ستون سمجھی جاتی ہے۔