بھوکا ہاتھی اسکول کینٹین میں گھس گیا ، طلبہ نے میزوں کے نیچے چھپ کر جان بچائی
کوالالمپور- - - - ملائیشیا کی شمال مشرقی ریاست صباح کے ایک اسکول میں اس وقت زبردست زور ہنگامہ شروع ہو گیا جب ایک ہاتھی جو غالباً بھوکا تھا کھانے پینے کی چیزوں کی تلاش میں ادھر اُدھر گھومتا ہوا پہلے اسکول کے احاطے میں داخل ہوا اور پھر اسکول کینٹین میں گھس گیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیاجب کچھ طلبہ ناشتہ کرنے میں مصروف تھے ۔ بعض طلبہ جو دروازے کی طرف دیکھ رہے تھے ہاتھی کو دیکھ کر تقریباً حواس باختہ ہو گئے جبکہ جو طلبہ دروازے کی طرف پشت کئے بیٹھے تھے ان کو اطلاع ہی نہیں تھی لیکن جب ہاتھی نے کینٹین کی ایک میز کو لات ماری اور وہ دور جا گری تو اس کی آواز سے سب چونکے اور اس کے بعد تو بھگدڑ مچ گئی ۔ کچھ طلبہ نکل بھاگے اور جوبھاگ نہیں سکے انہوں نے کینٹین میں رکھی ہوئی میزوں کے نیچے چھپ کر جان بچائی ۔ موقع پر موجود طلبہ نے بعد میں بتایا کہ ہاتھی کینٹین میں گھسنے کے بعد اپنی لمبی سونڈھ ادھر اُدھر گھسا کر خوراک سونگھنے کی کوشش کرتا رہا مگر اسے اس کے مطلب کی کوئی چیز نہیں ملی اور مایوس ہو کر بھوکا ہی واپس نکل گیا ۔ کسی طالب علم کو اس نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا مگر چھپنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ انہیں جان کے لالے پڑ گئے تھے ۔ اس واقعہ کے حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ علاقے میں ہاتھیوں کا ایک گروپ آس پاس کے علاقوں میں اس قسم کی حرکتیں کرتا پھر رہا ہے اور اسکول کینٹین میں داخل ہونیوالا ہاتھی بھی اسی گروپ سے تعلق رکھتا ہے ۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکول کینٹین سے وہاں پکنے والے کھانوں کی بو اتنی اشتہا انگیز تھی کہ خواہ مخواہ اس کی طرف توجہ مبذول ہو جائے ۔ یہ واقعہ ایس ایم کے ٹیلوپیڈ اسکول میں پیش آیا ۔ ابتک یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ کینٹین سے باہر جانے کے بعد بھی ہاتھی کو کھانے کو کچھ ملا یا نہیں ۔ مقامی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے ایک دن قبل ہاتھیوں کا ایک گروہ تھانے میں بھی گھس آیا تھا تاہم اس میں بھی سب لوگ محفوظ رہے ۔ پولیس اہلکاروں نے اپنے پاس بچی کھچی جو کچھ چیزیں تھیں ہاتھیوں کو دیکر اپنی جان بچائی ۔