Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ پولیس کے محمد منیر نے آل پاکستان کراٹے چیمپیئن شپ جیت لی

حیدرآباد:سندھ کے پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ آل پاکستان کراٹے چیمپیئن شپ میں محمد منیر نے پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے ہیوی ویٹ کیٹگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ محمد منیر نے مئی 2017 ءمیں کراچی میں سندھ اسپورٹس بورڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے لیاری میں ہونے والے تیسرے انعام کپ میں بھی ہیوی ویٹ مقابلے کا فائنل جیت کر نیشنل چیمپیئن کا ٹائٹل حاصل کیا تھا ۔حیدرآباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سید پیر محمد شاہ کی جانب سے آل پاکستان کراٹے چیمپیئن شپ کا انعقاد پولیس ہیڈ کوارٹر گراونڈ میں کیا گیا۔جس میں چاروں صوبوں، سندھ بلو، سندھ ریڈ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاوہ اسلام آباد، پولیس اور پی آئی اے کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل مقابلے کے مہمانان خصوصی انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اے ڈی خواجہ اور گرینڈ ماسٹراشرف طائی تھے۔ چیمپیئن شپ میں شریک ٹیموں کے درمیان کراٹے ڈیمونسٹریشن کا مقابلہ ہوا جس میں کھلاڑیوں نے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا۔ڈیمونسٹریشن کے دوران پی آئی اے کی ٹیم کے کوچ شیحان محمد طارق صدیقی نے بیک وقت 2 بیس بال بیٹ توڑنے اور اپنے پیٹ پر سے جیپ گزارنے کا مظاہرہ کیا۔ 65 پلس ہیوی ویٹ کیٹیگری میں پولیس ٹیم کے محمد منیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، انہوں نے مئی 2017 ءکے بعد دوسری مرتبہ نیشنل ہیوی ویٹ چیمپیئن کا ٹائٹل جیتا۔ 65 مائنس میں پہلی پوزیشن کراچی کے فرحت اشرف نے حاصل کی۔

شیئر: