Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد کرپشن مہم

عبد الحمید العمری ۔ الاقتصادیہ
سعودی قیادت دن بدن کرپٹ عناصر کےخلاف دائرہ مزید تنگ کرتی جارہی ہے۔ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس بات کی مزید تاکید کرتی ہے کہ ملک وقوم کی ترقی کی راہ میں اولین رکاوٹ کرپشن ہے اور اس کی موجودگی میں بڑے خوابوں کی تکمیل ممکن نہیں ہوسکتی۔ کرپشن کو جڑسے اکھاڑ کر ہی ملک اور قوم ترقی کی راہ میں دیگر اقوام کے ہمرکاب ہوسکیں گے۔گزشتہ دنوں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کرپشن کیسز کےلئے اسپیشل بنچ قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔یہ براہ راست جنرل پراسیکیوٹر کے تحت کام کریں گے۔ انسداد کرپشن کےلئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فیصلوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ سعودی قیادت اس وبا کو کس طرح جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی حریص ہے اور وہ عوامی اور حکومتی املاک کی حفاظت کو انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔
انسداد کرپشن کے ضمن میں حکومت کی کارکردگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کرپشن کی تمام شکلوں کےخلاف ہے کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف ترقی کا پہیہ رک جاتا ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں سے بھی وہ ثمر حاصل نہیں ہوتا جو ہونا چاہئے۔حکومت نے نہ صرف عوامی اور حکومتی املاک کے تحفظ کےلئے کرپشن کےخلاف اعلان جنگ کر رکھابلکہ حکومتی اداروں میں بھی کرپشن کی ہر صورت کے خاتمے کی کوشش میں ہے۔حکومتی اداروں کی کارکردگی کو مثالی بنانے کےلئے کالی بھیڑوں کو تلاش کرکے انہیں قرار واقعی سزا دینے سے سرکاری منصوبوں میں خورد برد کرنے والوں تک اورمالیاتی اداروں میں بے ضابطگی سے سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں تک کوئی بھی اس آپریشن سے بچ نہیں سکتا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ممالک اور معاشروں کی تباہی میں کرپشن کا کردار مسلّم ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ دنیا کے کسی بھی ملک کی معیشت اس وقت تک اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکتی جب تک کرپٹ عناصر کا صفایا نہ ہوجائے۔ یہ کرپشن ہی ہے جس کی وجہ سے معاشرے کے طبقات میں تفاوت اور مواقع کا فقدان پیدا ہوتا ہے۔ قوموں پرقرضوں کا بوجھ بھی اسی کی وجہ سے لادا جاتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے معاشرے میں اس سے قبل کرپشن کے انسداد کےلئے ایسی کوشش نہیں ہوئی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں ہاﺅسنگ کے بحران سے لے کر بیروزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح تک اور اشیاءکی بڑھتی قیمتوں سے غربت تک سبھی بحران دیکھنے کو ملے۔ اب جبکہ حکومت نے کرپشن کےخلاف اعلان ِجنگ کر رکھا ہے تو امید ہے کہ بہت جلد ہماری سیاسی اور معاشرتی اصطلاحات سے افلاس، محرومی، ہاﺅسنگ کا بحران ، دھوکہ دہی اور سعودیوں کے نام پر غیر ملکیوں کا کاروبارسب کچھ ختم ہوجائےگا۔ ہمارے معاشرے میں بہت جلد مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم ہوں گے۔محنت کرنے والے شہریوں کو ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کا ماحول میسر ہوگا۔ یہ تمام چیزیں کرپشن کی وجہ سے ناپید تھیں۔ معاشی شرح نمو اور اقتصادی استحکام کے علاوہ پیداواری معاشرہ تشکیل ہوگا۔انسداد کرپشن مہم کے ثمرات معاشرے میں نچلے طبقات تک ضرور پہنچیں گے مگر ا س کےلئے وقت درکار ہوگا۔اصلاح کا جو بیڑہ اٹھایا گیا ہے اس کی تکمیل تک کچھ وقت لگے گا مگر جب مکمل ہوگا اس سے پورا معاشرہ محظوظ ہوگا۔ یہ ایک ایسی بنیاد ہوگی جس پر شفاف معیشت کی عمارت کھڑی ہوگی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ہمارے ملک نے صحیح رخ کی طرف سفر کا آغاز کردیا ہے اور بہت جلد منزل مقصود تک پہنچ جائے گا۔انسداد کرپشن کےلئے ہمیں کڑوا گھونٹ پینا ہوگا پھر اسکے بعد تمام شہریوں کو مساوی مواقع میسر ہوں گے جن میں ہر شخص اپنی بساط اور استعداد کے مطابق ثمرات سمیٹنے کے قابل ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: