Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورزش موتیا اور پردہ چشم انحطاط سے بچانے میں مدد دیتی ہے‎

ورزش کی اہمیت اور فوائد سے کون آگاہ نہیں ۔ تندرست و توانا رہنے کے لیے ورزش کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ورزش جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی صحت کے لئے بھی بے حد  فائدہ مند  ہے ۔ تحقیق کے مطابق جو لوگ جسمانی طور پر سرگرم اور متحرک  رہتے ہیں ان میں موتیا کا خطرہ کم ہوجاتا ہے ۔ باقاعدہ ورزش کرنے  ، دوڑنے اور تیز قدمی کرنے سے آنکھوں میں موتیا اترنے کا امکان 42 فیصد کم ہو جاتا ہے ۔  تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ بڑھتی عمر کے ساتھ پیش آنے والے آنکھوں کے مسائل اور بصارت سے محرومی کا عام سبب میکیولر ڈیجینریشن نامی جس عارضے کو سمجھا جاتا ہے باقاعدہ ورزش سے اس عارضے سے بھی تحفظ مل جاتا ہے .  جسمانی طور پر سرگرم افراد کے میکیولر ڈیجینیریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ غیر سرگرم افراد کے مقابلے میں کم ہوتا ہے ۔ ورزش چونکہ سوزش کی سطح کو کم کر دیتی ہے اس لیے یہ موتیا اور عمر سے متعلق انحطاط پردہ چشم کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے ۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ موتیا اور انحطاط پردہ چشم سے متاثرہ افراد میں قلبی شریانی بیماری کے خطرناک عوامل بھی پائے جاتے ہیں جن میں خون میں شکر اور ٹرائی گلائسرائڈ چکنائی کی سطح کا بلند ہونا شامل ہیں ۔ ان خطرناک عوامل کو باقاعدگی سے ورزش کے ذریعے گھٹایا جا سکتا ہے ۔ کچھ تحقیقات یہ بھی بتاتی ہیں کہ جو افراد زیادہ وزن یا فربہی کا شکار ہوتے ہیں ان میں موتیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے لہذا جسمانی سرگرمی کے ذریعے بڑھتے وزن کے مسئلے پر بھی قابو پایا جاسکتاہے. 

شیئر: