Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ انگلینڈ: احمد شہزاد آوٹ، شان مسعود اور سمیع اسلم ان

 
لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے آوٹ ہوگئے ہیں جبکہ سلیکٹرز ان کی جگہ سمیع اسلم اور شان مسعود کو موقع دینا چاہتے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں انگلینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ 2 ٹیسٹ میچوں کے علاوہ آئرلینڈ کے خلاف بھی ایک ٹیسٹ کھیلے گی، یہ آئرش ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہوگا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے دورے کےلئے جن ممکنہ کھلاڑیوں کا ابتدائی انتخاب کیا ہے، اس میں احمد شہزاد کا نام شامل نہیں۔ اطلاعات ہیں کہ سلیکٹرز شان مسعود اور سمیع اسلم کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی ٹیسٹ کرکٹ میں احمد شہزاد کو مزید آزمانے کے حق میں نہیں۔ دوسری جانب شان مسعود اور سمیع اسلم کا ریکارڈ بھی زیادہ اچھا نہیں، گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف دونوں ہی ایک، ایک بار ہی 50 سے زائد رنز اننگز کھیل سکے تھے۔۔سمیع اسلم دو ٹیسٹ میں 93 اور شان مسعود 103 رنز اسکور کر سکے تھے۔احمد شہزاد دورہ ویسٹ انڈیز میں تینوں فارمیٹس کے لئے منتخب ہوئے تھے۔برج ٹاون ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں انہوں نے 70 رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی تاہم والدہ کی علالت کے سبب وہ ڈومینیکا کا آخری ٹیسٹ چھوڑ کر وطن واپس چلے آئے تھے۔ سلیکشن کمیٹی نے انہیں سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ کر دیا تھا اور اب ایک بار پھر 13 ٹیسٹ میچوں میں 40.91 کی اوسط سے 982 رنز بنانے والے احمد شہزاد ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی منصوبہ بندی میں شامل نظر نہیں آتے انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا تاہم وہ کسی حتمی الیون کا حصہ نہیں بن پائے تھے۔ انہیں جون میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف2 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں شامل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ شان مسعود 12 ٹیسٹ میچوں میں 23.54 کی اوسط سے 565 اور سمیع اسلم 13ٹیسٹ میچوں میں 31.58کی اوسط سے 758رنز بنا چکے ہیں۔احمد شہزاد  ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے پاکستان کے واحد بیٹسمین ہیں۔

شیئر: