Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل: سن رائزرز حیدر آباد کی9وکٹوں سے فتح

حیدر آباد دکن: بولرز کی عمدہ کارکردگی، کپتان کین ولیمسن اور اوپنر شیکھر دھون کی اچھی بیٹنگ کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر انڈین پریمیئر لیگ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔ حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جسے بولرز نے درست ثابت کر دکھایا اور رائلز کو 9وکٹوں کے نقصان پر 125رنز تک محدود رکھا۔49رنز اسکور کرنے والے سنجو سیمسن کے سوا کوئی اور بیٹسمین اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکا ۔اس کے 7کھلاڑیوں کوڈبل فگرز میں داخل ہونے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ سن رائزرز کی جانب سے شکیب الحسن اور سدھارتھ کول نے 2-2 وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں سن رائزرز کی ٹیم کو ابتدا میں شیکھر دھون کی وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن اس کے کپتان اجنکیا راہانے حریف اوپنر کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے اور یہ کیچ ڈراپ کرنا انہیں بہت مہنگا پڑا۔دھون اس وقت صفر پر کھیل رہے تھے جبکہ بعد میں وہ77رنز کی فتح گر اننگز کھیل کر ناقابل شکست لوٹے۔دوسرے اوپنر وردھمان ساہا صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن دھون کا کیچ چھوڑنا راجستھان رائلز کی ناکامی کا سبب بن گیا جو 57 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 25 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔ناقابل شکست 36 رنز بنانے والے کپتان کین ولیمسن نے دھون کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 121 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت سن رائزرز نے میچ میں باآسانی 9 وکٹوں سے جیتا۔شیکھر دھون کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شیئر: