Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینک حکام کھاتہ داروں کے کوائف پبلک پراسیکیوشن کو فراہم کرنے کے مجاز

جدہ..... سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی ساما نے سعودی بینکوں اور منی ایکسچینج کرنے والے اداروں کو اپنے کھاتہ داروں کے کوائف پبلک پراسیکیوشن ،ریاستی سلامتی کے اداروں اور سیکیورٹی اداروں کے حوالے کرنے کی اجازت جاری کردی۔ اس کا مقصد دہشت گردی کی مالی اعانت اور منی لانڈرنگ کا انسداد ہے۔ ساما کی نئی ہدایت کے بموجب تمام بینک اور منی ایکسچینجر ز اس بات کے مجاز ہوگئے ہیں کہ وہ اپنے یہاں سی سی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی مذکورہ اداروں کو فراہم کرسکیں گے۔ ساما نے کھاتہ داروں کے کوائف فراہم کرنے کی انتہائی حد 12 ماہ مقرر کی ہے۔ ساما نے بینکوں کو اس امر کا پابند بنایا ہے کہ وہ مقررہ ضوابط اور ہدایات کی پابندی کریں۔ ساما نے انتباہ دیا ہے کہ اگر کسی بھی بینک یا منی ایکسچینجر نے منظور شدہ طریقہ کار سے تجاوز کرکے اپنے کسی کھاتہ دار کے کوائف کسی کے حوالے کئے تو اسے جرم شمار کیا جائے گا۔ اس پر سزا ہوگی۔ بینکوں اور منی ایکسچینجر ز کو یہ بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہلکاروں کو حد بندی کے احترام کی بابت مسلسل تنبیہ کرتے رہیں۔ ساما کا کہنا ہے کہ کھاتہ داروں کی معلومات کو صیغہ راز میں رکھنا بینکوں کی بڑی ذمہ داری ہے۔ کوئی بھی بینک ساما سے رجوع کئے بغیر معلومات فراہم نہیں کرسکے گا۔ 

شیئر: