Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی صدر مولانا عثمانی کے اعزاز میں استقبالیہ

    ریاض- - - -جمعیت علمائے  اسلام ریاض نے مرکزی صدر مولانا حمد اللہ عثمانی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کا آغاز قاری قاسم محمدی کی تلاوت قرآن سے کیا گیا۔ نظامت کے فرائض جے یو آئی ریاض کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالباسط مجاہد نے انجام دیئے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ مقررین نے مولانا عثمانی کی بہترین خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مولانا عثمانی نے کہا کہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان میں بڑھتا ہوا ظلم و جبر امن عالم کے ٹھیکیداروں کے چہرے کی وہ سیاہی ہے جس نے بہت کچھ دھندلا کردیا ہے۔ وادی کشمیر میں ہندوستانی فوج نے درندگی اور سفاکیت کی تمام حدیں پار کر کے عالم انسانیت کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکریٹری حافظ ذاکر جذبی نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حفظ قرآن کی تکمیل کی خوشیاں منانے والے معصوم بچوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیل کر یہ ثابت کردیا ہے کہ اصل دشمنی اسلام اور قرآن سے ہے۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے بین الاقوامی فورمز پر حکمت عملی اور جرأت مندانہ موقف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور عالمی اداروں میں پہلے سے کہیں زیادہ مسئلہ کشمیر نے توجہ حاصل کی۔ جمعیت علماء اسلام ریاض کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالباسط مجاہد نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر ہندوستانی فوجی جارحیت ،فلسطین اور شام کے نہتے مسلمانوں کا قتل عام امت مسلمہ پر یہود و ہنود اتحاد کا حملہ ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے نائب امیر مولانا اسد اللہ خان ، جمعیت علماء اسلام ریاض کے امیر مولانا ہمایوں محسود نے کہا کہ آج پورا عالم اسلام لہولہان ہے۔ تقریب سے سیکریٹری اطلاعات قاری محمد قاسم محمدی ، قاری نصیر غوری ، سید غفور احمد اور قاری گل نواب نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں میزبان تقریب قاری عطا محمد اخونزادہ نے پرتکلف عشائیہ دیا۔
 
مزید پڑھیں:- - - -پاکستان اکیڈمی فار اسپیشل کڈز کویت کی پہلی سالگرہ

شیئر: