Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد صلاح نے پریمیئر لیگ میں نئی تاریخ رقم کردی

 
لندن:مصری فٹبالر محمد صلاح شاندار فارم کے ذریعے انگلش کلب لیور پول کے ساتھ اپنے پہلے سیزن کو یادگار بنانے کا سلسلہ مسلسل آگے بڑھا رہے ہیں اور سیزن کے ٹاپ اسکور ر نے انگلش پریمیئر لیگ میں نئی تاریخ بھی رقم کردی ہے ۔25سالہ محمد صلاح نے جاری سیزن میں تیسری مرتبہ ”پلیئر آف دی منتھ“ کا ایوارڈ جیت کر لیگ کی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز حاصل کر لیا۔محمد صلاح نے سیزن کا پہلا ایوارڈ نومبر میں جیتا تھا جس کے بعد اب وہ پہلے فروری اور پھر مارچ کے مہینے کے بھی بہترین فٹبالر قرار پائے ہیں۔اس سے پہلے کوئی اور فٹبالر ایک ہی سیزن میں3مرتبہ یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا ۔ محمد صلاح اس وقت 29گول کرنے کے ساتھ انگلش پریمیئر لیگ کے ٹاپ اسکورر بھی ہیں اور اس حوالے سے گولڈن بوٹ ایوارڈ کے لئے ان کا انگلینڈ کی قومی ٹیم اور ٹوٹنہم ہوٹسپر کے کھلاڑی ہیری کین سے سخت مقابلہ جاری ہے ۔ صلاح ہیری کین سے 4گول آگے ہیں ۔ دوسری جانب ہیری کین اور ان کا کلب اس ایوارڈ کے اتنے بے تاب ہیں کہ کلب نے اسٹوک سٹی کے خلاف اپنے گزشتہ میچ کے دوران کئے جانے والے گول کے بارے میں اپیل کرکے اسے ہیری کین کے نام کرادیا جبکہ میچ میں یہ گول کرسٹیان ایرکسن کے نام کیا گیا تھا ۔ اس صورتحال پر ہیری کین اور ان کی کلب انتظامیہ کا مذاق بھی اڑایا جا رہا ہے۔محمد صلاح پریمیئر لیگ سیزن میں کسی افریقی کھلاڑی کی جانب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کر چکے ہیں ان سے پہلے ڈیڑیئر ڈروگبا نے بھی سیزن میں5گول کئے تھے لیکن صلاح کے پاس یہ ریکارڈ توڑنے کا موقع موجود ہے کیونکہ ابھی لیور پول نے مزید 5میچ کھیلنے ہیں۔ 

شیئر: