Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا: بھوکے ہاتھی نے سیاح کی جیپ کی سیٹ ادھیڑ دی

کولمبو ..... سری لنکا کے یالا نیشنل پارک میں ایک سیاح کو اپنی جان کے لالے اس وقت پڑ گئے جب پارک میں موجود ایک ہاتھی جو غالباً بھوکا تھا بہت چالاکی سے سیاح کی جیپ کے قریب آیا اور موقع دیکھتے ہی اس نے کھانے پینے کی چیزو ںکی تلاش میں جیپ کی کھڑکی سے اپنی سونڈ اندر گھسا دی اور جب کوئی اشیاءاسے نہیں ملیں تو اس نے جیپ کی پوری سیٹ ادھیڑ کر رکھ دی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ کوئی ہاتھی نہ ہو بلکہ کسٹم کا کوئی اہلکار ہو۔ جسے شک ہو کہ گاڑی میں کوئی ممنوعہ اشیاءرکھی ہوئی ہیں۔ اس صورتحال سے دوچار ہونے والے 28سالہ برطانوی شہری بیانکا کا کہناہے کہ شاید اس بھوکے ہاتھی کو ان کیلوں کی تلاش تھی جو اس کے ساتھ پارک کی سیاحت کیلئے آنے والے دوسرے گروپ کے لوگوں نے خرید کر اپنی جیپ میں رکھ لئے تھے اور شاید اسی جیپ کی تلاش میں وہ انکی جیپ پر پہنچا تاہم یہ واقعہ ایسا تھا کہ انہیں اپنی جان خطرے میں محسوس ہوئی اور ایسا لگا کہ جیسے انکی سانس رک رہی ہو۔ یہ واقعہ سال رواں کے جنوری کا ہے مگر اسکی تفصیلی رپورٹ برطانوی سیاح نے ایک جریدے کو دیئے جانے والے انٹرویو میں تفصیل کے ساتھ دی ہے۔ واقعہ کے وقت جیپ میں سیاح کے دوسرے دو ساتھی بھی سفر کررہے تھے جن میں ایک ارجنٹائن اور دوسرا اسپین کا تھا۔ یہ دونوں بھی حواس باختہ ہونے کے قریب تھے کہ پارک گائیڈز موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے ہاتھی کو جیپ کے قریب سے ہٹادیا۔ ہاتھی کے جانے کے بعد بھی کچھ دیر تک جیپ میں سوار افراد پر خوف کی کیفیت طاری رہی۔ یہ واقعہ ایسا ہے کہ جسے برطانوی سیاح زندگی بھر نہیں بھول سکے گا۔

شیئر: