Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا امن برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی کا اظہار ہر عرب شہری کا فرض ہے، عرب لیگ

ظہران..... عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں مشتعل بحرانوں نے ہر عرب شہری کو ا لجھن میں ڈال دیا ہے۔ بحرانوں کا سلسلہ تمام عربوں کو کمزور کر دیگا۔ انہوں نے اتوار کو ظہران میں 29 ویں عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر عرب شہری کا فرص ہے کہ وہ امن برقرار رکھنے کیلئے سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کرے۔ ابو الغیط نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب کے امن وامان کو خطرات لاحق کرنے کیلئے یمن کے باغی گروہوں کی سرپرستی کی ہے۔ ابوالغیط نے اعتراف کیا کہ سعودی عرب ، عرب عوام کیلئے عمل پیہم اور دائمی ترقی کی خاطر کوشاں ہے۔ ظہران میں منعقدہ عرب سربراہ کانفرنس میں 14 عرب ممالک کے سربراہ اور قائدین شریک ہوئے۔ ان میں مصر، عمان، سوڈان ، فلسطین ، صومالیہ، تیونس، یمن، عراق، لیبیا، امارات، الجزائر، لبنان، ماریطانیہ ، جزائر قمر، کویت اور بحرین شامل ہیں۔ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی نے 29 ویں عرب سربراہ کانفرنس کی قیادت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے حوالے کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ عرب گروپ اور عالمی برادری کا فرض ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کو ضروری نگہداشت فراہم کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب عرب علاقے میں ہر خارجی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ عرب دنیا کو بے نظیر چیلنج درپیش ہیں۔ عربوں کی قومی سلامتی کیلئے جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ بعض عرب ممالک کو ریاستی ادارے کالعدم کرنے کا خطرہ درپیش ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عرب ممالک دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ میں ملوث ہیں جبکہ ایک علاقائی فریق دیگر ممالک میں اثر و نفوذ پھیلانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس پر عربوں کا حق مسلم ہے اس پر سودے بازی نہیں ہوسکتی۔ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح نے کہا کہ کئی عرب ممالک میں امن وامان کا ہدف کوسوں دور ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت سے کہا کہ وہ القدس سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے لے۔ سلامتی کونسل فلسطینیو ں کو تحفظ فراہم کرے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ ظہران عرب سربراہ کانفرنس خوش آئند ثابت ہوگی۔ عرب سربراہ کانفرنس کے موقع پر مشرقی ریجن کی شاہراہوں ، سڑکوں اور چوراہوں پر کانفرنس میں شریک عرب ممالک کے پرچم لہرا رہے تھے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عرب وفود کے سربراہوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ 
 

شیئر: