Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز لیگ :پہلا سیمی فائنل لیور پول نے 2-5سے جیت لیا

لیورپول: محمد صلاح اور رابرٹو فرمینو کے 2،2 گول کی مدد سے انگلش کلب لیور پول نے چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کے پہلے میچ میں اطالوی کلب روما کو2-5 سے شکست دیتے ہوئے پہلی مرتبہ لیگ کے فائنل تک رسائی کے امکانات روشن کرلئے۔ لیور پول کی جانب سے ایک گول سعدیو مانے کے حصے میں آیا جس میں انہیں صلاح کی مدد بھی حاصل رہی اور مصری فٹبالر نے اس سیزن میں اپنی شاندار کارکردگی کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے لیور پول کے ابتدائی دونوں گول کرکے ٹیم کو برتری دلانے کے ساتھ سیزن میں اپنے گولز کی تعداد43تک پہنچا دی ۔ہوم گراﺅنڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں لیور پول کو 80منٹ تک 5-0سے برتری حاصل تھی تاہم اگلے 4منٹوں کے دوران روما کی جانب سے کئے جانے والے2گولز نے خسارہ کم کردیا۔ محمد صلاح نے36ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور پہلا ہاف ختم ہونے سے چند سیکنڈ پہلے دوسرا گول کرکے مقابلہ 0-2کردیا۔فٹبال ماہرین اس میچ میں روما کی جا نب سے اچھے کھیل کی پیشگوئی کررہے تھے تاہم مہمان ٹیم جم کر نہ کھیل سکی اور اس کی دفاعی لائن کے پاس لیور پول کے تابڑ توڑ حملوں کا کوئی جواب نہیں تھا ۔دوسرا ہاف شروع ہوا تو صلاح نے سعدیو مانے کا خوبصورت پاس دیا جسے انہوں نے گول میں تبدیل کرنے میں دیر نہیں لگائی۔ اس کے بعد برازیلی کھلاڑی روبرٹو فرمینو ایکشن میں آئے اور صرف7منٹوں کے دوران 2گول کرکے روما کو مزید دباﺅ کا شکار کردیا۔ اگلے10منٹ تک مزید کوئی گول نہیں ہوا ۔ لیور پول کے کھلاڑی0-5کی برتری حاصل کرنے کے بعد اپنے دفاع کی جانب سے کچھ غافل ہوگئے اور کوچ نے محمد صلاح کو بھی باہر بلا لیا ۔ 2گول کرنے اور2میں مدد فراہم کرنیوالے صلاح کی عدم موجودگی نے روما پر دباو میںبھی کمی کردی اور روما کے ایڈن ڈیزکو نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گول کردیا ، 3منٹ بعد روما کو اس وقت پنالٹی کک مل گئی جب پنالٹی ایریا میں گیند لیور پول کے کھلاڑی جیمز ملنر کے بازو پر جا لگی۔ڈیگو پیروٹی نے اس پر گول کرکے مقابلہ 2-5کردیا ۔اب دونوں ٹیمیں یکم مئی کو روم میں مد مقابل ہوں گی جہاں روما0-4سے یا مجموعی اسکور میں لیور پول کو پیچھے چھوڑ کر ہی فائنل تک رسائی حاصل کرسکے گی ۔دونوں صورتوں میں اسے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

شیئر: