Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طیارے کے حادثے میں انڈین ریاست مہاراشٹر کے ڈپٹی وزیراعلیٰ سمیت پانچ ہلاک

انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے ڈپٹی وزیراعلیٰ اجیت پوار طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ڈی جی سول ایوی ایشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جہاز میں ڈپٹی وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت پانچ افراد سوار تھے جس میں عملے کے دو ارکان بھی شامل تھے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بدھ کی صبح  ممبئی سے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد تقریباً ساڑھے آٹھ بجے کے قریب بارامتی ایئر پورٹ کے قریب چارٹرڈ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
طیارے کے حادثے کی سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے ملبے سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں جبکہ ریسکیو، آگ بجھانے والی گاڑیاں اور پولیس اہلکار حادثے کے مقام پر موجود ہیں۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کو ایک عینی شاہد نے حادثے کے مقام پر بتایا کہ انھوں نے طیارے کو اپنی آنکھوں سے گرتے دیکھا ہے۔
عینی شاہد کے مطابق ’یہ بہت ہی تکلیف دہ منظر تھا جب طیارہ نیچے کی طرف آ رہا تھا اور لگ رہا تھا کہ کریش کر جائے گا اور ایسا ہی ہوا۔ گرتے ہی بڑا دھماکہ ہوا اور جب ہم اس کی طرف بھاگے تو جہاز میں آگ لگی ہوئی تھی۔ اس کے بعد مزید چار سے پانچ دھماکے ہوئے اور وہاں پہہنچنے والے افراد نے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن شدید آگ کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ اجیت پوار طیارے میں سوار تھے اور یہ ہمارے لیے بہت ہی تکلیف دہ ہے جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

حکام نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا: انفوگراف روئٹرز

اے این آئی کو ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ’ہم ہوائی اڈے کے قریب ہی رہتے ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ ایک جہاز آیا لیکن اس نے لینڈ نہیں کیا اور آگے چلا گیا، اور کچھ دیر بعد واپس آیا اور لینڈ کرنا شروع کیا لیکن رن وے سے پہلے ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ہم نے اس کی اطلاع دی جس پر پولیس اور دیگر ریسکیو اہلکار فوری پہنچ گئے۔انھیں آگ بجھانے میں 15 منٹ لگے اور اس کے بعد ملبے کے پاس گئے۔‘
روئٹرز کے مطابق اجیت پوار نے ریاستی حکومت میں وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت کی اور ان کا دھڑا 2023 میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس سے الگ ہوا تھا جس کی قیادت اجیت پوار نے کی تھی۔

 

شیئر: