30 سے زائد سٹارز پر مشتمل فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کب ریلیز ہو گی؟
ویلکم سیریز کی پہلی فلم 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
منگل کے روز فلم سازوں نے مشہور فلمی سیریز ویلکم سیریز کی تیسری فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 2024 سے متعدد بار تاخیر کا شکار رہنے کے بعد یہ فلم بالآخر 26 جون 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
احمد خان کی ہدایت کاری میں بننے والی ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں 30 سے زائد فنکاروں پر مشتمل ایک بڑی کاسٹ شامل ہے، جن میں اکشے کمار، سنیل شیٹھی، جیکی شروف، روینہ ٹنڈن، دِشا پٹنی، جیکلین فرنانڈس، ارشد وارثی، پریش راول، راجپال یادو، جونی لیور، آفتاب شِوداسانی، لارا دتہ، شریاس تلپاڑے، تشار کپور، دلیّر مہندی، فریدہ جلال، کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، کرن کمار، مکیش تیواری، یشپال شرما، وندو دارا سنگھ، نواب شاہ، اروشی روٹیلا، پنیت اِسّر، ارجن فیروز خان، پنکج دھیّر، سدیش بیری، ہیمنت پانڈے، ذاکر حسین اور سیاجی شندے شامل ہیں۔
گذشتہ سال نومبر میں اکشے کمار نے انسٹاگرام پر فلم کے سیٹ سے ساتھی اداکارہ دِشا پٹنی کے ساتھ ایک دلکش ویڈیو شیئر کی تھی۔ انہوں نے اس پوسٹ میں گانے ’اونچا لمبا قد‘ کے نئے ورژن کی آڈیو بھی شامل کی تھی، جس میں اکشے اور دِشا کو گانے کی پرجوش دھن پر رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اکشے کی پوسٹ کے کیپشن نے خاص طور پر انٹرنیٹ پر توجہ حاصل کی، جس میں انہوں نے ویلکم کی اپنی سابقہ ساتھی کترینہ کیف کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’دل سے آپ تک! 18 سال گزر گئے لیکن یہ اب بھی سب کی پسندیدہ فلموں میں شامل ہے۔ اتنی ساری یادوں کے ساتھ، خوبصورت دِشا اور میں آپ کے لیے ویلکم ٹو دی جنگل لے کر آئے ہیں… ہماری کوئین کترینہ کو کبھی نہیں بھولیں گے۔‘
ویلکم سیریز کی پہلی فلم 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں فیروز خان، اکشے کمار، کترینہ کیف، انیل کپور، نانا پاٹیکر اور پریش راول نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
دوسری فلم ’ویلکم بیک‘ 2015 میں ریلیز ہوئی، جس میں جان ابراہم اور شروتی ہاسن نے اکشے کمار اور کترینہ کیف کی جگہ لی۔ دونوں فلموں کی ہدایت کاری انیس بزمی نے کی تھی۔
