Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گریٹسٹ رویل ریمبل نے خواب پورا کر دیا

 
جدہ(ندیم ذکاء) جمعہ کو کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی کے الجوہرہ اسٹیڈیم میں گریٹسٹ رویل ریمبل کے مقابلے ہوئے۔ شائقین کی بڑی تعداد یہ ریسلنگ مقابلے دیکھنے اسٹیڈیم پہنچی ہوئی تھی۔ سعودی اور غیر ملکی شائقین انتہائی پرجوش تھے۔ بچوں کا جوش و خروش بھی دیدنی تھا۔سعودی اسپورٹس اتھارٹی نے ٹویٹر کے اپنے اکاونٹ پر تماشائیوں کی پرجوش تصاویر جاری کیں۔ چھٹی کا دن ہونے کے باعث صبح سویرے سے ہی ہزاروں افراد ڈبلیو ڈبلیو ای کے اس میگا ایونٹ رویل ریمبل مقابلوں کو دیکھنے کیلئے پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ وہ ورلڈ گریٹسٹ ریسلنگ مقابلے کے انتہائی بے چینی اور اشتیاق سے منتظر تھے۔ ان مقابلوں کے ٹکٹس 13اپریل سے آن لائن او رمالز پر خصوصی ڈیسک کے ذریعے فروخت کیلئے موجود تھے۔بالائی حصے میں بیٹھنے کا ٹکٹ 10ریال اور زیریں حصے میں فیملی کے ساتھ بیٹھنے کا ٹکٹ 20ریال میں تھا۔ اس کے علاوہ اسپورٹس اتھارٹی ونگ میں 100ریال اور گولڈن اور وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت 300ریال رکھی گئی تھی۔ رویل ریمبل مقابلوں میں دنیا کے 50مشہور ریسلرز نے شرکت کی۔ ان میں جان سینا ، موجو رویلی، مارک ہنری، انڈرٹیکر، اور گریٹ کھالی نمایاں تھے۔ 2010ءکے بعد اتنی بڑی تعداد میں ریسلرز اس میگا ایونٹ کیلئے جدہ آئے تھے۔ چیئرمین سعودی اسپورٹس اتھارٹی ترکی آل شیخ نے مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے ریسلنگ مقابلوں کے لئے ہری جھنڈی دکھا کر مقابلوں کا باقاعد ہ آغاز کیا۔ان مقابلو ں کا انعقاد ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایگزیکٹو چیئرمین وینس میکمن اور ترکی آل شیخ کے درمیان معاہدے کے تحت کیا گیا۔ رویل ریمبل مقابلے کا آغاز جان سینا اور ٹرپل ایچ کے درمیان مقابلے سے ہوا ، جان سینا نے جیت کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے جدہ کی شاندار میزبانی اور عظیم الشان عالمی مقابلوں کے انعقاد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔شائقین نے جان سینا کی فتح یابی پر بھرپور نعرے بازی کی اور دل کھول کر دادپیش کی۔ جان سینا کی کامیابی پر پورا اسٹیڈیم تالیوں اور خوشی کے نعروں سے گونجنے لگا جس سے جان سینا سے شائقین کی محبت کا اظہار ہو رہا تھا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے سینڈرک الیگزینڈر کو مڈل ویٹ ریسلر تسلیم کرلیا۔ اس موقع پر ترکی آل شیخ نے کہا کہ سعودی عرب نے گریٹ رویل ریمبل منعقد کروا کر دنیا بھر کے نامور ریسلرز کو اپنے سامنے مقابلے کرتے ہوئے دیکھنے کا شہریوں کا خواب پورا کر دیا۔ 
 

شیئر: