حسن مانگتا ہے تھوڑی سی محنت
اگر آپ اپنی جلد کی رنگت نکھارنا چاہتی ہیں تو آلو کا ماسک بہترین مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ کچا آلو چھیل کر اسے دو حصوں میں تقسیم کر لیں اور ایک ٹکڑا لے کر اچھی طرح کچل کر باریک پیس کر چہرے پر لگائیں ۔ اسے رات بھر کے لئے لگا کر چھوڑ دیں ۔ تمام عرق جلد میں جذب ہو جائے گا ۔ صبح روئی کے گولے کو پانی میں ڈبو کر اسکی مدد سے چہرہ صاف کر لیں اور پھر منہ دھولیں ۔
اس کے علاوہ آپ شلجم اور گاجر کا ماسک بھی چہرے پر استعمال کر سکتی ہیں ۔ شلجم اور گاجر کو پانی میں ابال کر اچھی طرح کچل لیں اور اس آمیزے کو چہرے پر لگا کر آدھے گھنٹے تک جذب ہونے دیں ۔ وقت پورہ ہونے پر دودھ میں بھیگی ہوئی روئی سے چہرہ صاف کرلیں ۔ یہ آپ کے چہرے سے میل صاف کر کے رنگت نکھار دے گا ۔
اگر تیز دھوپ یا بدلتے موسم کے باعث جلد بدرنگ ہو گئی ہے تو لیموں اورزیتون کا روغن مفید حل ہے ۔ ایک لیموں کے عرق میں زیتون کا تیل ایک چمچ ملائیں اور چہرے کو بھاپ دے کر اس لیپ کو چہرے پر لگائیں ۔ چہرے اور گردن کو آہستہ آہستہ مالش کریں ۔ پھر چہرہ دھو کر برف سے چہرے کا مساج کریں یا جلد کی مناسبت سے کوئی بھی لوشن استعمال کرلیں .