Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان کے دوران معتمرین کے آرام و سکون کیلئے تمام ادارے جملہ وسائل وقف کردیں، شاہ سلمان

جدہ ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کے تمام متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران معتمرین کو آرام و راحت پہنچانے اور یکسوئی کیساتھ عبادت کا موقع فراہم کرنے کیلئے جملہ وسائل وقف کردیں۔ وہ منگل کو جدہ کے قصر السلام میں اپنی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شاہ سلمان نے رمضان کی آمد کے موقع پر معتمرین اور زائرین کے حوالے سے مختلف سرکاری و نجی اداروں کے انتظامات ، خدمات اور تیاریوں کی بابت رپورٹس سن کر ہدایت دی کہ تمام ادارے حرمین شریفین، مقدس شہروں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، تمام میقاتوں ، شاہراہوں ،ہوائی اڈوں اور ضیوف الرحمان کو خوش آمدید کہنے والی بندرگاہوں پر معتمرین ، زائرین اور نمازیوں کو اعلی ترین خدمات فراہم کریں۔ اس امر کو یقینی بنائیں کہ زائرین سکون و اطمینان کے ساتھ عبادت میں مصروف رہ سکیں۔ شاہ سلمان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان نصیب فرمائے اور ہم سب سے اعمال صالحہ قبول فرمائے۔سعودی عرب کے قائم مقام وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ادارے کو بتایا کہ سعودی کابینہ نے ہر سال ہفتہ ماحولیات منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزارت ماحولیات و پانی و زراعت اس کا اہتمام کریگی اور اس سلسلے میں تمام سرکاری و نجی ادارے اس سے تعاون کرینگے۔ ہر سال موسم بہار کا پہلا ہفتہ تحفظ ماحولیات کیلئے مختص ہوگا۔ کابینہ نے ماحولیات کی قومی حکمت عملی کی بھی منظوری دیدی۔ سعودی کابینہ نے معیار زندگی پروگرام 2020 کے اجراءپر اقتصادی و ترقیاتی کونسل امور کے فیصلے کو قابل قدر قرار دیا۔ کابینہ نے عالمی حالات حاضرہ کا بھی جائزہ لیا۔سعودی کابینہ نے عرب ممالک کے اندرونی امور میں ایرانی مداخلت سے نمٹنے کیلئے مشترکہ عرب جدوجہد پر زور دیا اور برادر ملک مراکش میں ایرانی مداخلت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
 
 

شیئر: