Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج کے سربراہ کا نجم سیٹھی کو مبارکبادی خط

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو انٹرنیشنل کرکٹ کو بتدریج پاکستان واپس لانے پر مبارکباد کا خط بھیجا ہے ۔آرمی چیف کی جانب سے بھیجے جانے والے اس خط میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز سیریز کے کامیاب انعقاد پر آپ کو اور پی سی بی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پی ایس ایل3 اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کا پاکستان میں انعقاد کرکٹ کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ چیئرمین پی سی بی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ سربراہ پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس اہم کامیابی سے سکیورٹی سے متعلق پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج ملک کے مثبت امیج کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد و حمایت جاری رکھے گی۔یاد رہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے سانپ کا پھن کچل کر پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کا انعقاد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا جس نے انٹرنیشنل کرکٹرز کو دوبارہ پاکستان آنے کے لئے راہ ہموار کی۔ رواں سال ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے آخری 3میچز کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے پاکستان آنے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔پی ایس ایل ایونٹ کے فوری بعد ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی۔

شیئر: