Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الٰہ آباد میں دن دہاڑے وکیل کا قتل، بس نذر آتش ،حالات کشیدہ

الٰہ آباد۔۔۔۔۔اتر پردیش میں جرائم کےواقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آج الٰہ آباد کے پاشا علاقے میں واقع منموہن پارک کے قریب2موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے دن دہاڑے ایک وکیل راجیش کمار سریواستوکو گولی مار کر قتل کر دیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلی عہدیدار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاش قبضے میں لیکر حملہ آوروں کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔حکومت کی جانب سے لواحقین کو20لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیاگیا۔ قتل کی خبرعام ہوتے ہی وکیلوں نےپولیس پر پتھراؤ،  دھرنا اور احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا ۔مشتعل ہجوم نے ایک بس بھی نذرِ آتش کر دی۔ ساتھ ہی  وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کی ہورڈنگ توڑپھور کر آگ لگادی۔واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 10بجےپیش آیاجب45سالہ راجیش سریواستو اپنی موٹر سائیکل سے کچہری  جا رہے تھے۔ اسی دوران2 جرائم پیشہ افراد نے ان کا تعاقب کرکے کنپٹی پر گولی مار دی جس سے موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔زخمی حالت میں انہیں  سوروپ رانی نہرو اسپتا ل منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیدیا۔ حیران کن  بات یہ ہے کہ جس مقام پر یہ واقعہ پیش آیا وہاں سے کچھ ہی دیر پہلے ریاست کے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کا قافلہ گزرا تھا۔ یہ دونوں افسران جرائم اورنظم و نسق کا جائزہ لینے کیلئے الٰہ آباد آئے ہوئے ہیں۔حالات کشیدہ ہونے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں پولیس اورسیکیورٹی فورس کثیر تعداد میں تعینات کردی گئی۔ ناراض وکلاء کا کہنا ہے کہ الٰہ آباد میں جرائم کے واقعات میں دن بہ دن  اضافہ ہوتا جارہا ہےلہذاپولیس  کپتان آکاش کلہری کو ہٹایاجائے۔ایس ایس پی آکاش کلہری کا کہنا ہے کہ وکیل راجیش سریواستو کے قتل کے پیچھے زمین کے تنازعہ کاکیس ہوسکتا ہے جس کی وہ پیروی کر رہے تھے۔حملہ آور نقاب پوش  اور ہیلمٹ  پہنے ہوئے تھے ۔ ڈی جی پی رمِت شرما نےنامعلوم حملہ آوروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرکےگرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔
مزید پڑھیں:- - - - -نوجوان نے لڑکی پر فائرنگ کے بعد خود کو گولی مار لی

شیئر: