Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن کا مستقبل تابناک ، سعید وینس

 ذکاء اللہ محسن
ریاض :پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا مستقبل تابناک اور روشن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سے واپسی پر اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اور دیگر طاقتیں مسلم لیگ اور نوازشریف کی محبت کو کم نہیں کر پائیں۔ گزشتہ 5سالوں کے دوران جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ عوام بخوبی جانتے ہیں۔ آج پنجاب کے دیہات اور شہر بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں ۔پنجاب گورنمنٹ نے جس طرح تعلیم اور صحت کے محکموں کو فعال بنایا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی ۔آج پنجاب بھر میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کام کر رہے ہیں جن کا دائرہ کار رورل ایریا تک پھیلایا گیا ہے تاکہ غریب اور نادار بچیاں سلائی کھڑائی، بیوٹیشن اور نرسنگ جیسے اہم شعبوں میں ڈپلومہ حاصل کرکے با عزت روزگار کما سکیں،اسی طرح بے روزگار افراد کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے۔ اگر ہم دوسری صوبائی حکومتوں کی بات کریں تو وہاں ایسا کچھ نہیں۔ مسلم لیگ دوبارہ برسر اقتدار آکر ان صوبوں کو بھی محرومیوں سے نکالے گی کیونکہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی عوام جان چکے ہیں کہ ملکی ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں جبکہ شہباز شریف ترقی پسندانہ سوچ پسماندہ علاقوں میں بھی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اگر دلوں کا وزیراعظم کہا جاتا ہے تو اس میں حقیقت اس لئے ہے کہ عدالتی فیصلے کے باوجود لوگ انھیں اپنا وزیراعظم مانتے ہیں کیونکہ اُن کی کاوشوں کی بدولت کراچی سمیت پورے ملک میں امن ہوا ہے ۔ جس طرح حکمرانوں کو نااہل کیا جا رہا ہے اور صرف مسلم لیگ ن کے لیڈروں اور دیگر ارکان کو عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے، اس سے اداروں کی جانبداری سب پر عیاں ہو چکی ہے۔نوازشریف نے درست کہا ہے کہ اب ایمپائر کی انگلی نہیں بلکہ پاکستانی عوام کے ووٹ کی پرچی پر انگوٹھے کا نشان ملک میں جاری ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔
ڈاکٹر سعید وینس نے واپسی پر خیرمقدم کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
 

شیئر: